کراچی (خصوصی رپورٹ) حق پرست اراکین اسمبلی اقبال محمد علی خان اور نشاط ضیاء قادری نے بلدیاتی اداروں سے کہا ہے کہ محرم الحرام سے قبل امام بارگاہوں اور جلوسوں کے روٹس پر بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرتے ہوئے فی الفور انتظامات کا آغاز کیا جائے ،یکم محرم الحرام سے قبل مساجد و امام بارگاہوں اور جلوسوں کے روٹس سے تجاوزات شاہراہوں کی دیواروں سے وال چاکنگ کا خاتمہ کیا جائے ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی عبدالراشد خان کے ہمراہ شاہ فیصل کالونی کے مختلف علاقوں کا دورہ کرکے علاقائی مسائل کا جائزہ لیتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز بلدیہ کورنگی رفیق شیخ ،شاہ فیصل زون کے فوکل پرسن اسلم پرویز اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔
رکن قومی اسمبلی اقبال محمد علی خان اور رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے بلدیاتی افسران کو ہدایت کی کہ محرم الحرام سے قبل علاقائی سطح پر بلدیاتی مسائل کو حل کرنے کے ساتھ امام بارگاہوں اور جلوسوں کے روٹس پر سڑکوں کی تعمیر و مرمت اور فراہمی و نکاسی آب کے نظام کی درستگی کو یقینی بنا یا جائے۔
اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی عبدالراشد خان نے حق پرست اراکین اسمبلی کو بتا یا کہ عید الاضحی کے موقع پر بلدیہ کورنگی کی جانب سے مثالی انتظامات حق پرست اراکین اسمبلی کی معائونت سے یقینی بنا یا گیا انشا اللہ محرم الحرام کے موقع پر بھی اراکین اسمبلی کی مکمل معائونت ،تمام مکاتب فکر کے علماء اکرام ،علاقہ معززین و عمائدین ،امام بارگاہوں اور جلوسوں کے منتظمین کی باہمی مشاورت کے ساتھ ماہ محرم الحرام کے دوران بلدیہ کورنگی کی جانب سے تمام زونز میں بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے مثالی انتظامات کئے جائیں گے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی عبدالراشد خان نے بتا یا کہ ماہ محرم الحرام کے حوالے سے انتظامات کا آغاز کردیا گیا ہے۔
اس حوالے سے صفائی وستھرائی کے نظام کو بہتر بنانے کے ساتھ تجاوزات ،وال چاکنگ کے خاتمے کی خصوصی مہم بھی جاری ہے اور انشا اللہ واٹر اینڈ سیوریج بورڈ اور تمام اداروں کے تعائون سے علاقائی سطح عوام کو درپیش مسائل سے چھٹکارہ دلائیں گے۔