لاہور (جیوڈیسک) یونس خان تنازع سے اٹھنے والے طوفان کی گرد بیٹھنے لگی، تلخیاں نظر انداز کرتے ہوئے سینئر بیٹسمین کو آسٹریلیا کیخلاف ٹیسٹ سیریز کھیلنے کا موقع دیا جائیگا۔
انجری سے نجات پانے کے بعد محمد حفیظ کی واپسی کا بھی قوی امکان ہے، اسپنر ذوالفقار بابر کا ساتھ دینے کیلیے یاسر شاہ کو منتخب کیا جاسکتا ہے، طویل فارمیٹ کے 2 میچز کیلیے اسکواڈ کا اعلان پیر کو متوقع ہے۔
یونس خان سری لنکا میں صرف ایک میچ کی کارکردگی کی بنا پر آسٹریلیا کیخلاف ون ڈے اسکواڈ سے ڈراپ کردیے گئے تھے، معین خان کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ پلان کیلیے نوجوان کرکٹرز کو ترجیح دینا چاہتے ہیں، اس فیصلے پر سخت برہم تجربہ کار بیٹسمین نے سلیکٹرز پر تابڑ توڑحملے کرتے ہوئے کہا تھا کہ ٹیسٹ سیریز میں بھی مجھے شامل نہ کیا جائے۔
آپ نئے کھلاڑیوں کی ٹیم بنالیں،انہوں نے پرفارم نہ کیا تو پھر کیا فیصلہ کیا جائے گا؟ پی سی بی نے جوابی کارروائی سے گریز کرنے کی پالیسی اپنائی جس کے بعد اب گرد بیٹھتی دکھائی دے رہی ہے۔
یو اے ای میں اب تک پاکستان کی بیٹنگ غیرمستحکم نظرآئی جس کے بعد 22 اکتوبر سے شروع ہونے والی ٹیسٹ سیریز کیلیے یونس خان کو اسکواڈ میں شامل کیے جانے کے مثبت اشارے ملنے لگے ہیں، ایک سلیکٹرکا کہنا ہے کہ جو کچھ بھی ہوا ماضی کا حصہ بن چکا۔
انا کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ہم سب کو پاکستان کا سوچنا اور آگے کی طرف دیکھنا چاہیے، تجربہ کار بیٹسمین کینگروز کیخلاف سیریز میں اہم کھلاڑی ہونگے، امید ہے کہ یونس خان بھی بالغ نظری کا مظاہرہ کرتے ہوئے شرکت سے انکار نہیں کرینگے۔
ذرائع کے مطابق ٹیسٹ سیریز کیلیے اسکواڈ کا اعلان پیر کو متوقع ہے، ہاتھ کی انجری کے سبب ٹوئنٹی 20 اور ون ڈے مقابلوں میں شرکت نہ کرنے والے محمد حفیظ کو شامل کیا جاسکتا ہے۔
ان کیلیے آؤٹ آف فارم اوپنر خرم منظور کو جگہ خالی کرنا ہوگی، سعید اجمل کی غیر موجودگی میں اسپنر ذوالفقار بابر کا ساتھ دینے کیلیے یاسر شاہ کو منتخب کیے جانے کا امکان ہے، عبدالرحمان کو نظر انداز کر دیا جائیگا۔