کوئٹہ (جیوڈیسک) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور پیپلز پارٹی کے رہنما سید خورشید شاہ کہتے ہیں کہ ملک میں اسی وقت مڈٹرم انتخابات ہو سکتے ہیں جب نواز شریف مستعفی ہوجائیں لیکن چند لوگوں کی خواہش یا ڈنڈے کے زور پر ایسا نہیں ہو سکتا۔
کوئٹہ میں پریس کانفرنس کے دوران خورشید شاہ نے کہا کہ انتخابات سے قبل نواز شریف نے ملک سے بجلی کی لوڈ شیڈنگ اور مہنگائی کے خاتمے سمیت ایسے بلند و بانگ دعوے کئے جو ناممکن تھے اور انہوں نے ایسا صرف حکومت حاصل کرنے کے لئے کیا۔
پیپلز پارٹی نے اپنے گزشتہ دور حکومت میں ملک کے عوام کے بالعموم اور بلوچستان کے لوگوں کے لئے بالخصوص کئی اقدام کئے اور یہ تمام اقدامات ووٹ حاصل کرنے کے لئے نہیں کئے گئے کیونکہ محرومیوں کا خاتمہ ان کا حق ہے۔ اسی لئے ہم نے کبھی سچ کے مقابلے میں جھوٹ کو طاقتور نہیں بنایا۔ ہم نے کوتاہیاں کی ہوں گی لیکن وہ اتنی بڑی نہیں تھیں جتنی بڑی ہمیں سزا ملی ہے۔
خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ دنیا نہیں چاہتی کہ ایٹمی قوت کا حامل پاکستان دنیا میں اقتصادی قوت بھی بن جائے، وہ یہ نہیں کہتے کہ عمران خان یہودی لابی کے لئے کام کررہے ہیں لیکن ان سے سازش کرواکر چین کے صدر کا دورہ پاکستان ملتوی کروایا گیا، انہوں نے کہا کہ ملک میں اسی وقت مڈٹرم انتخابات ہو سکتے ہیں جب نواز شریف مستعفی ہوجائیں لیکن چند لوگوں کی خواہش یا ڈنڈے کی زور پرایسا نہیں ہوسکتا۔