ملتان (جیوڈیسک) تحریک انصاف کے سابق صدر مخدوم جاوید ہاشمی کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کو سیاست میں زندہ رہنے کے لئے ہر موقع پر لاشوں کی ضرورت ہے۔
ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے ملتان میں جلسہ رکھ کر بچوں کی لاشیں گرائیں، سانحہ ملتان میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین تحریک انصاف کی قیادت کے خلاف مقدمہ درج کرانا چاہتے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو اپنی ٹیم کی وجہ سے مزید تکالیف اٹھانا پڑیں گی، تحریک انصاف کے جلسوں میں اکثر سیڑھیاں ٹوٹ جاتی ہیں اور میں بھی کئی بار زخمی ہوا۔
جاوید ہاشمی نے کہا کہ جلسوں کے انتظامات حکومتیں نہیں کر کے دیا کرتیں، ملتان میں تحریک انصاف کے جلسے کے انتظامات غوثیہ جماعت کے پاس تھے اور جو کچھ گزشتہ روز ہوا اس کی ذمہ دار بھی وہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی وجہ سے پورا ملتان سوگوار ہے۔