دمشق (جیوڈیسک) شام کے سرحدی علاقے کوبانی میں داعش کے جنگجوؤں نے کرد فوج کے ہیڈکوارٹر پر قبضہ کر لیا جبکہ شامی فوج کی بمباری کے نتیجے میں 18 افراد ہلاک ہو گئے۔
شام کے سرحدی علاقے کوبانی میں شدید جھڑپ کے بعد داعش کے جنگجوؤں نے کرد آرمی کے ہیڈ کوارٹر کا کنٹرول سنبھال لیا جبکہ قصبے کے 40 فیصد علاقے پر داعش کا قبضہ ہے۔ اس سے قبل امریکہ اور اتحادیوں کی جانب سے فضائی حملوں کے بعد داعش کو پسپائی کا سامنا تھا۔
تاہم ایک مرتبہ پھر شام کے مشرقی علاقے میں جنگجوؤں نے اپنی کارروائیاں تیز کر دیں۔ دوسری جانب شام کے جنوبی حصے میں فوج کی بمباری کے نتیجے میں 18 شہری ہلاک ہو گئے۔
شام میں کام کرنے والی انسانی حقوق کی تنظیم کے مطابق شامی فوج نے جنگجوؤں کے زیرتسلط علاقے ہارا میں فضائی حملے کئے جس کے نتیجے میں عام افراد مارے گئے۔
امریکی دفترخارجہ نے کہا ہے کہ ترکی نے شام میں اپوزیشن کو مسلح کرنے اور تربیت دینے پر رضامندی ظاہر کر دی ہے۔ ترجمان میری ہاف نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکی وزارت دفاع کی ایک ٹیم اگلے ہفتے انقرہ جانے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔