ملتان (جیوڈیسک) ملتان میں تحریک انصاف کے جلسے کے بعد مچنے والی بھگڈر نے سانحے کو جنم دے دیا۔ دم گھٹنے سے سات افراد جاں بحق ہو گئے، سینتیس افراد کو حالت غیر ہونے پر نشتر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی ہے ۔ تحریک انصاف کے جلسے کے اختتام پر شرکاء نے ابن قاسم سٹیڈیم کے حسین آگاہی گیٹ سے نکلنے کی کوشش کی، رش زیادہ ہونے کے باعث لوگ پھنس گئے، بھیڑ میں پھنسے لوگ مدد کیلئے بھی پکارتے رہے۔ امدادی ٹیموں اور تحریک انصاف کے کارکنوں نے انہیں نکالنے کی کوشش کی تاہم متعدد افراد دم گھنٹے سے موت کے منہ میں چلے گئے، بھگڈر کے باعث کئی افراد بے ہوش بھی ہوئے، جنہیں لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت ہوش میں لانے کی کوشش کی۔
حالت غیر ہونے پر انہیں نشتر ہسپتال منتقل کر دیا گیا، ہسپتال انتظامیہ کے مطابق سینتیس افراد زیر علاج ہیں۔ دوسری جانب وزیر اعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ملتان انتظامیہ سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ انہوں نے زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی۔