عالمی معاشی نمو سست روی کا شکار، خام تیل کی قیمتیں 4 سال کی کم ترین سطح پر آگئیں

Oil

Oil

لندن (جیوڈیسک) عالمی معاشی سست روی خصوصا جرمنی کی معیشت سے متعلق خدشات اور آئی ایم ایف کی جانب سے عالمی معاشی نمو کے ہدف میں کٹوتی کے فیصلے جیسے عوامل نے گزشتہ ہفتے اجناس کی بین الاقوامی منڈیوں کو بری طرح متاثر کیا جس سے خام تیل کی قیمتیں 4 سال کی کم ترین سطح پر گر گئیں۔

تاہم متعدد دیگر کموڈیٹیز کے نرخ اتارچڑھاؤ کے بعد بڑھ گئے۔ گزشتہ ہفتے لندن میں ایک موقع پر برینٹ خام تیل کی قیمتیں 88.11 ڈالر فی بیرل تک نیچے آگئیں جو اس کی 4 سال کی کم ترین سطح ہے جبکہ نیویارک لائٹ سوئٹ کروڈ کے نرخ بھی 3 جولائی 2012 کے بعد کم ترین سطح 83.59 ڈالر فی بیرل تک گر گئے تاہم بعد میں ریکوری دیکھی گئی اور جمعہ کو کاروباری ہفتے کے اختتام پر لندن کی انٹرکانیٹنینٹل ایکس چینج میں برینٹ نارتھ سی خام تیل کی نومبر میں فراہمی کیلیے قیمت 90.21 ڈالر فی بیرل پر بند ہوئی جو ایک ہفتے قبل 91.88 ڈالر فی بیرل تھی، اسی طرح نیویارک مرکنٹائل ایکس چینج میں ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ یا لائٹ سوئٹ کروڈ کی نومبر میں ترسیل کیلیے قیمت 85.82 ڈالر فی بیرل ہو گی جو ایک ہفتے قبل 89.67 ڈالر فی بیرل تھی۔
لندن بلین مارکیٹ میں گزشتہ ہفتے سونے کی قیمتوں میں اضافے کا رجحان رہا اور کاروباری ہفتے کے اختتام پر قیتمیں 28 ڈالر کے اضافے سے 1223 ڈالر فی اونس رہی جبکہ چاندی کی قیمت 16.97 ڈالر سے بڑھ کر 17.26 ڈالر فی اونس ہوگئی۔

لندن پلاٹینم و پلاڈیم مارکیٹ میں پلاٹینم کی قیمت 1249 ڈالر سے بڑھ کر 1256 ڈالر اور پلاڈیم کے نرخ 21 ڈالر کے اضافے سے 784 ڈالر فی اونس ہوگئے۔ گزشتہ ہفتے بیشتر صنعتی دھاتوں کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، لندن میٹل ایکس چینج میں تانبے کی قیمت 6 ڈالے کے اضافے سے 6 ہزار 631 ڈالر فی ٹن، ایلومینیم کی قیمت 12 ڈالر کے اضافے سے 1 ہزار 924 ڈالر فی ٹن، لیڈ 23 ڈالر کی کمی 2 ہزار 59 ڈالر فی ٹن، ٹین کی قیمت 455 ڈالر کی نمایاں کمی سے 19 ہزار 961 ڈالر فی ٹن، قلعی کی 110 ڈالر کے اضافے سے 16 ہزار 462 ڈالر فی ٹن اور جست کی قیمت 58 ڈالر بڑھ کر 2 ہزار 314 ڈالر فی ٹن ہوگئی۔ گزشتہ ہفتے چینی کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھاگیا اور سفید چینی کی قیمت 2 ڈالر کے اضافے سے 425 ڈالر فی ٹن ریکارڈ کی گئی۔