نئی دہلی (جیوڈیسک) ویسٹ انڈیز نے دوسرے ون ڈے میں فتح بھارتی جھولی میں ڈال دی، میزبان سائیڈ نے وکٹوں کی برسات میں میدان 48 رنز سے مار لیا۔ 264 رنز کے تعاقب میں دو وکٹ پر 170 رنز بنانے والی مہمان ٹیم 215 پر آل آؤٹ ہوگئی۔
ڈیوائن اسمتھ کے 97 رنز کسی کھاتے میں نہیں آئے، کیرون پولارڈ نے 40 رنز بنائے، محمد شامی نے 4، رویندرا جڈیجا نے 3 اور امیت مشرا نے دو وکٹیں لیں۔ اس سے پہلے بھارت نے 7 وکٹ پر 263 رنز بنائے، ویرات کوہلی، سریش رائنا اور مہندرا سنگھ دھونی نے ففٹیز اسکور کیں، جیروم ٹیلر نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
دہلی کے فیروز شاہ کوٹلہ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے دوسرے ون ڈے میں بہتر پوزیشن کے باوجود ویسٹ انڈین بیٹنگ لائن ایسی ڈگمگائی کہ ہاتھ کی پہنچ میں آنے والی فتح کو بھارت کی پھیلی ہوئی جھولی میں گرا دیا۔ فتح کے لیے 264 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اوپنرز ڈیوائن اسمتھ اور ڈیرن براوو نے 64 رنز کی ابتدائی شراکت کی ہی تھی کہ شامی نے براوو کو 26 رنز پر چلتا کردیا۔
پولارڈ کی ہمراہی میں اسمتھ نے اسکورکو 136 تک پہنچایا، وہ 40 رنز پر مشرا کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ اسمتھ کیریئر کی دوسری ون ڈے کی پہلی سنچری کے قریب پہنچ کر ہمت ہارگئے، 97 رنز پر شامی نے انھیں بولڈ کردیا۔ اس کے ساتھ ہی ویسٹ انڈین وکٹوں کی لوٹ سیل شروع ہوگئی۔
مارلون سیموئلز کو 16 رنز پر یادیو نے کوہلی کی مدد سے قابو کیا۔ ویسٹ انڈیز کے 4 وکٹ پر 189 رنز تھے جب 41 ویں اوور پر گیند تبدیل ہوئی، اس وقت کیریبیئن سائیڈ کو 59 بالز پر 75 رنز درکار تھے مگر مشرا نے خشک گیند سے پہلی ہی ڈلیوری پر دنیش رامدین (3) کو راہنے کا کیچ بنادیا، اس کے بعد جڈیجا نے رسل (4) اور سیمی (1) کو آؤٹ کردیا۔
براوو (10) کو شامی نے دھون کا کیچ بنایا، ٹیلر بغیرکھاتہ کھولے جڈیجا کا شکار بنے، کیچ بھونیشور کمار نے تھاما، 47 ویں اوور کی تیسری گیند پر آخری کھلاڑی رامپال (16) کوشامی نے اپنی ہی گیند پر کیچ کرکے ٹیم کو خوشیاں منانے کا موقع فراہم کردیا۔
قبل ازیں بھارت کو دوسرے ہی اوور میں پہلا صدمہ برداشت کرناپڑاجب شیکھر دھون کو جیروم ٹیلر نے صرف ایک رن پر پویلین واپس بھیج دیا، ان کی باہر جاتی ہوئی گیند ٹرن ہوئی اور بیٹسمین کے پیڈ اور بیٹ کے بیچ سے ہوتی ہوئی اسٹمپس اڑاگئی۔ اجنکیا راہنے بھی 12 رنز کے مہمان ثابت ہوئے، سیمی کی سلو ڈلیوری کو انھوں نے جلد بازی میں پش کیا۔
جس کی خمیازہ کور پر براوو کے ہاتھوں کیچ کی صورت میں بھگتنا پڑا۔ سلیمان بین کی گیند پر امباتی رائیڈو سیمی کا کیچ بنے، انھوں نے 32 رنز بنائے، اس موقع پر ویرات کوہلی اور سریش رائنا کے درمیان چوتھی وکٹ کیلیے 105 رنز کی شراکت ہوئی، دونوں کو یکے بعد دیگر رامپال اور ٹیلر نے میدان بدر کیا، انھوں نے 62، 62 رنز اسکور کیے، کپتان دھونی 51 رنز پر ناقابل شکست رہے۔ ٹیلر نے 3 وکٹیں لیں۔