فیصل آباد میں عوامی تحریک کے جلسے کیلئے میدان سج گیا، شرکا کی آمد جاری

Awami Tehreek

Awami Tehreek

فیصل آباد (جیوڈیسک) عوامی تحریک کے جلسے کے لئے میدان سج گیا ہے اسٹیج بھی تیار کر لیا گیا۔ کارکنوں کی بڑی تعداد جلسہ گاہ پہنچ رہی ہے۔ گراؤنڈ کے اندر اور باہر ملحقہ سڑکوں پر بھی کرسیاں لگا دی گئی ہیں۔

جلسہ گاہ میں عوامی تحریک اور اتحادی جماعتوں کے بینرز اور جھنڈے لگائے گئے ہیں۔ عوامی تحریک کے کارکنوں نے دھوبی گاٹ گراؤنڈ کی ایک دیوار گرا کر ایمرجنسی انخلاء کے لیے بھی راستہ بنا لیا ہے۔ سٹیج پر صرف مرکزی قائدین ہوں گے۔

عوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری کے علاوہ چودھری شجاعت حسین، چودھری پرویز الہی، علامہ ناصر عباس، صاحبزادہ حامد رضا سمیت دیگر قائدین بھی جلسہ سے خطاب کریں گے۔ جلسے کی سیکورٹی کے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ ڈی سی او فیصل آباد نورالامین کا کہنا ہے کہ جلسہ کے انتظامات سے متعلق عوامی تحریک انتظامیہ سے میٹنگ ہو چکی ہے۔

ڈیڑھ ہزار پولیس اہلکار اور ایک ہزار دیگر اہلکار جلسہ میں موجود ہوں گے۔ دھوبی گھاٹ کے تین گیٹس میں سے ایک وی آئی پیز، دوسرا خواتین اور ایک مردوں کے لیے مخصوص کیا گیا ہے۔ تینوں گیٹس پر واک تھرو گیٹ لگائے گئے ہیں۔ بم ڈسپوزل سکواڈ کا عملہ بھی موجود رہے گا۔

جلسہ کی ویڈیو ریکارڈنگ بھی کی جائے گی۔ نڑوالہ چوک سے چناب چوک تک سڑک کو ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔ پاکستان عوامی تحریک کے پندرہ سو کارکن بھی جلسہ گاہ میں سیکورٹی کے لیے موجود ہونگے۔