جامعہ کراچی 2 برس میں بھی میڈیکل کالج اور اسپتال قائم نہ کرسکی

University, Karachi

University, Karachi

کراچی (جیوڈیسک) جامعہ کراچی کی انتظامیہ کی سست روی اور انتظامی کمزوریوں نے یونیورسٹی کو بڑے نقصان سے دوچار کر دیا۔ پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل نے جامعہ کراچی سمیت ملک بھرکی 7 سرکاری جامعات کو میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں کوالحاق دینے کااختیار ختم کر دیا۔

اور انھیں طب کی تعلیم دینے والے نجی وسرکاری میڈیکل اینڈ کالجوں کو الحاق دینے سے روک دیا،جامعہ کراچی سمیت متعلقہ جامعات کے الحاق شدہ کالجوں کوان جامعات سے اپناالحاق فوری منتقل کرنے کی ہدایت جاری کردی گئی ہیں، مذکورہ فیصلہ جامعہ کراچی اور سندھ یونیورسٹی سمیت دیگر جامعات کی جانب سے اپنا میڈیکل کالج اور اسپتال قائم نہ کرنے کے ضمن میں کیا گیا ہے۔

اس فیصلے کے نتیجے میں ملک کی صف اول کی تاریخ ساز سرکاری یونیورسٹی جامعہ کراچی بھی میڈیکل کالجوں کو الحاق دینے کے حوالے سے بے اختیار ہو گئی ہے جبکہ دیگر جامعات میں سندھ یونیورسٹی ،جامعہ پنجاب ،جامعہ پشاور، قائد اعظم یونیورسٹی اسلام آباد، ہزاروہ یونیورسٹی مانسہرہ اور سرحد یونیورسٹی پشاورشامل ہیں۔

پی ایم ڈی سی کی جانب سے کراچی میں قائم ’’محمد بن قاسم میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج، التمش انسٹی ٹیوٹ آف ڈینٹل میڈیسن، جناح میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج، میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کراچی۔

لیاقت کالج آف میڈیکل اینڈ ڈینٹسری، سرسید کالج آف میڈیکل سائنس برائے طالبات، فاطمہ جناح ڈینٹل کالج، لیاقت نیشنل میڈیکل کالج، یونائیٹڈ میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کراچی‘‘ کوہدایت کی گئی ہے کہ وہ فوری طورپر جامعہ کراچی سے اپنا الحاق منتقل کراکر میڈیکل یونیورسٹی سے الحاق حاصل کریں۔

یاد رہے کہ پی ایم ڈی سی سے 2012 کے ترمیمی ایکٹ میں واضح طورپرایسی جامعات کومیڈیکل کالجوں کوالحاق دینے سے روکنے کاعندیہ دیاتھا جن کے پاس اپنے میڈیکل کالج اور اسپتال موجود نہیں۔

جس کے بعد جامعہ کراچی کے موجودہ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد قیصر نے 2 سال قبل منعقدہ جلسہ تقسیم اسناد میں بلندوبانگ دعوئے کرتے ہوئے یونیورسٹی کے تحت میڈیکل کالج اور اسپتال کھولنے کااعلان کیا تھا تاہم 2 برس گزر جانے کے باوجود یونیورسٹی انتظامیہ کالج اور اسپتال کے قیام میں ناکام رہی۔

صرف امریکا اور دبئی کے بعض سرمایہ داروں سے اس سلسلے میں اجلاس ہوئے، سینڈیکیٹ میں معاملات پر بحث ہوئی اورمنصوبہ التوا کا شکار ہوتا گیا، ادھر جامعہ کراچی کے رجسٹرار ڈاکٹر معظم نے بتایاکہ یونیورسٹی انتظامیہ اپنا میڈیکل کالج اوراسپتال قائم کرنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔

جبکہ پی ایم ڈی سی کے معاملے پر سیکریٹری الحاق کمیٹی مجید اللہ قادری اور ڈین میڈیسن سے بھی میٹنگ ہو چکی ہے، موجودہ صورتحال پر منگل کو جامعہ کراچی کے وائس چانسلرکی وطن واپسی پرہی بات چیت ہوگی۔