مختلف حادثات و واقعات میں 6 افراد ہلاک، 2 زخمی

Trafic Accidents

Trafic Accidents

کراچی (جیوڈیسک) شہر کے مختلف علاقوں میں حادثات وواقعات میں 6 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق بلال کالونی کے علاقے نیو کراچی 5 نمبر میں تیز رفتار کار نے موٹر سائیکل سوار دوافراد کو روند ڈالا جس کے نتیجے میں 70 سالہ واجد خان ولد اصغر خان موقع پر ہی جاں بحق جبکہ 21 سالہ عمیر ولد مشتاق شدید زخمی ہوگیا جسے فوری طبی امداد کیلئے عباسی اسپتال پہنچایا گیا، اس ضمن میں ایس ایچ او بلال کالونی شوکت اعوان کے مطابق متوفی نارتھ کراچی پاور ہاؤس چورنگی کے رہائشی تھے۔ اتحاد ٹاؤن کے علاقے بلدیہ ٹاؤن نمبر 7 میں گھر میں پانی کے زیر زمین ٹینک میں گر کر 7 سالہ سمیعہ دختر محمد مشتاق جاں بحق ہوگئی۔ درخشاں کے علاقے سی ویو دو دریا کے مقام پر ریس لگاتے ہوئے 14 سالہ آیان ولد رحیم موٹر سائیکل سلپ ہونے سے گر گیا۔

جس کے سر پر گہری چوٹ لگی جس کو جناح اسپتال لایا جارہا تھا کہ وہ دم توڑ گیا۔ اتحاد ٹاؤن کے علاقے بلدیہ ٹاؤن خیبر چوک کے پاس تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے سواسال کا بچہ وحیداللہ ولد نور محمد شدید زخمی ہوگیا جسے طبی امداد کیلئے جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دوران علاج دم توڑ گیا، معلوم ہوا ہے کہ متوفی بچہ اسی علاقے کا رہائشی اور گھر کے باہر کھیل رہا تھا۔ سعیدآباد کے علاقے بلدیہ یوسف گوٹھ میں رات گئے جھگڑے کے بعد دلبرداشتہ ہوکر 16 سالہ عابد ولد محمد عرفان نے گلے میں پھندا ڈال کر پنکھے سے لٹک کر اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا، جس کی لاش کو اسپتال لایا گیا۔

ڈاکس کے علاقے نیٹی جیٹی پل پر نامعلوم تیز رفتار گاڑی نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں 22 سالہ عزیز ولد عبدالرحمن جاں بحق ہو گیا جبکہ 20 سالہ عابد ولد غلام قادر کی حالت تشویشناک ہے۔