ہندو ملازمین کو دیوالی سے قبل تنخواہ دی جائے، رابطہ کمیٹی

MQM

MQM

کراچی (جیوڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے سندھ حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ہندوئوں کے مذہبی تہوار دیوالی سے قبل ہندو برادری سے تعلق رکھنے والے سرکاری ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی یقینی بنائی جائے۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہا کہ ہندو برادری کا مذہبی تہوار 23 اکتوبر کو منایا جائے گا تاہم ہندو برادری کے ملازمین اب تک تنخواہوں سے محروم ہیں جس کے باعث ان میں شدید بے چینی پائی جارہی ہے۔ رابطہ کمیٹی نے کہا کہ مذہبی تہوار کسی بھی مذہب کے ماننے والوں کے لیے خاص اہمیت کا حامل ہوتا ہے

جس پر ہر شخص اپنے مذہبی عقائد کی تکمیل کرتا ہے اور احباب کے ساتھ خوشیاں بانٹتا ہے، ہندو ملازمین کو تنخواہوں کی عدم ادائیگی ’’دیوالی ‘‘ کے تہوار کی خوشیوں سے محروم کرنے کا عمل ہے، سندھ حکومت کو پاکستان میں بسنے والی ہندو برادری سمیت تمام اقلیتوں کے حقوق کے لیے اپنا آئینی، قانونی اور مذہبی فرض لازمی ادا کرنا چاہیے۔ رابطہ کمیٹی نے مزید کہا کہ تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے سبب کسی بھی تہوار کی خوشیاں ماند پڑ جاتی ہیں، وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ ہندو ملازمین کو فوری تنخواہیں جاری کرنے کے احکامات جاری کریں۔