اسلام آباد (جیوڈیسک) بلاول ماں کامشن آگے بڑھا رہے ہیں، کراچی جلسہ پی پی کو بڑی سیاسی قوت ثابت کریگا آزاد کشمیر کے سینئر وزیر چودھری یا سین نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی میں موروثی سیاست نہیں اسکا الزام دینے والے حقائق سے بے خبر ہیں، بلاول بھٹو زرداری نے اپنی ماں کا مشن آگے بڑھانے کا بیڑا اٹھایا ہوا ہے
کراچی جلسہ میں لاکھوں لوگ شہید بی بی کے نظریہ کی خاطر مزار قائد پر جمع ہو کر بلاول بھٹو کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کریں گے، موجودہ جمہوریت کی آبیاری میں سانحہ کارساز کے شہیدوں کا لہو بھی شامل ہے، پیپلز پارٹی قومی وقار کی علامت ہے، اسے موسمی لیڈروں سے کوئی خطرہ نہیں۔
پارٹی کارکنوں کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک کو آصف زرداری جیسے مدبر اور سیاسی بصیرت کے حامل قومی رہنما کی ضرورت ہے۔ پیپلزپارٹی کی قیادت کوئی سونے کی سیج نہیں بلکہ یہ کانٹوں کا وہ بستر ہے جو شہادت تک جاتا ہے۔ کراچی جلسہ پیپلز پارٹی کو ملک کی سب سے بڑی سیاسی اور نظریاتی قوت ثابت کر دے گا۔