نواب اکبر بگٹی قتل کیس میں پرویز مشرف کو ایک دن کیلئے حاضری سے استثنیٰ مل گیا

Pervez Musharraf

Pervez Musharraf

کوئٹہ (جیوڈیسک) انسداد دہشت گردی کی عدالت نے نواب اکبر بگٹی قتل کیس میں پرویز مشرف کو ایک دن کے لئے حاضری سے استثنیٰ دیتے ہوئے سماعت 10 نومبر تک ملتوی کردی۔

کوئٹہ میں انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج نظیراحمد لانگو نے نواب اکبر بگٹی قتل کیس کی سماعت کی، سماعت کے دوران سابق صدر کے دونوں ضامن بھی موجود تھے، اس موقع پر پرویز مشرف کے وکلا نے اپنے موکل کی نئی میڈیکل رپورٹ پیش کرتے ہوئے موقف اختیار کیا۔

کہ ڈاکٹروں کی ہدایت پر وہ 4 ہفتوں کے لئے مکمل آرام کررہے ہیں اس لئے انہیں آج کی سماعت سے استثنیٰ دیا جائے، استغاثہ کی جانب سے وکیل صفائی کی درخواست کے خلاف دلائل میں کہا گیا کہ ملزم کے وکلا کیس کو طوالت دے رہے ہیں اس لئے عدالت اس درخواست کو مسترد کرتے ہوئے ملزم کو طلب کرے۔

عدالت نے فریقین کا موقف سننے کے بعد سابق صدر کو ایک روز کا استثنیٰ دیتے ہوئے ہدایت کی کہ ماہر ڈاکٹروں کا 7 رکنی بورڈ پرویزمشرف کا طبی معائنہ کرے اور میڈیکل رپورٹ عدالت میں جمع کرائی جائے، کیس کی مزید سماعت 10 نومبر کو ہوگی۔