دبئی (جیوڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کا کہنا ہے کہ اگر ورلڈ کپ 2015 سے پہلے فارم میں واپس نہ آیا تو ٹیم پر بوجھ نہیں بنوں گا۔ مصباح الحق کا کہنا تھا کہ میرے لئے پاکستان اور ٹیم سب سے پہلے ہے۔
اگر ورلڈ کپ 2015 سے پہلے فارم میں نہیں آیا تو ٹیم پر بوجھ نہیں بنوں گا، شاہد آفریدی کے لئے کپتانی چھوڑ سکتا ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ کرکٹ بورڈ، کھلاڑیوں اور مینجمنٹ پر پورا اعتماد ہے۔
آسٹریلیا کے خلاف تیسرے ایک روزہ میچ میں شرکت نہ کرنے کے حوالے سے کسی قسم کا دباؤ نہیں تھا، میچ میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ میرا ذاتی تھا، اپنے فیصلے سے خود ٹیم مینجمنٹ اور شاہد آفریدی کو آگاہ کیا، یہی سوچا تھا کہ میرے علاوہ جو بھی کھیلے گا وہ ٹیم کے لئے بہتر ہو گا۔
ان کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا کے خلاف ایک روزہ سیریز میں اچھا پرفارم کرنے پر افسوس ہے لیکن میری توجہ آگے آنے والے ٹیسٹ میچز پر ہے۔ واضح رہے کہ حال ہی میں متحدہ عرب امارات میں کھیلی جانی والی تین ایک روزہ میچوں کی سیریز میں آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف تینوں میچوں میں کامیابی حاصل کی جب کہ اس سے قبل کھیلے جانے والے واحد ٹی ٹوئنٹی میچ میں بھی شاہینوں کو کینگروز کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔