غزہ کے لوگوں کو ہماری فوری مدد کی ضرورت ہے۔ جان کیری

 John Kerry

John Kerry

قاہرہ (جیوڈیسک) فلسطینی حکام نے قاہرہ میں عالمی امدادی برادری کی کانفرنس میں اپیل کی ہے کہ اسے حالیہ جنگ سے ہونے والی تباہی سے نمٹنے اور تعمیر نو کیلئے چار ارب ڈالر درکار ہیں۔ اس کے جواب میں امریکہ نے غزہ کی تعمیر نو کے لیے 20 کروڑ ڈالر سے زائد کی نئی مالی مدد کا اعلان کیا ہے۔

امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے قاہرہ کانفرنس کے موقع پر کہا کہ جوں جوں موسم سرما قریب آ رہا ہے ضرورت اس بات کی ہے کہ ہزاروں بے گھر فلسطینیوں کی فوری مدد کی جائے۔ ’ غزہ کے لوگوں کو ہماری فوری مدد کی ضرورت ہے۔ کل نہیں، اگلے ہفتے نہیں، بلکہ غزہ کو یہ مدد ابھی چاہیے۔‘جان کیری کا کہنا تھا کہ اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان دیرپا امن کے عہد کے علاوہ مسئلے کے باقی تمام حل ’بینڈ ایڈ فِکس‘ یا عارضی ہوں گے۔ بان کی مون آج غزہ کا دورہ کریں گے۔

ادھر فلسطین کیلئے ڈونر کانفرنس کے شرکاء نے 5.4 ارب ڈالر امداد دینے کا وعدہ کیا اور فلسطین اور اسرائیل پر زور دیا کہ وہ امن مذاکرات دوبارہ شروع کریں۔ ناروے کے وزیر خارجہ بیورج برناڈے نے کانفرنس کے اختتام پر اعلامیہ جاری کرتے کہا یہ رقم تعمیر نو پر خرچ ہو گی۔ قطر نے ایک ارب ڈالر دینے کا وعدہ کیا ہے۔