وزیراعظم 100 روپے کو ہزار میں بدلنا جانتے ہیں، پرویز رشید

Pervez Rasheed

Pervez Rasheed

اسلام آباد (جیوڈیسک) عمران دھاندلی کا رونا روتے، شاہ محمود نذرانوں سے کام چلاتے ہیں، جاگی ہوئی قوم کو سلانے کی نہیں 2018ء کے الیکشن کی تیاری کریں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ عمران خان سمجھتے ہیں کہ وہ یلغار کر کے حکومت پر قبضہ کر لیں گے لیکن اب ایسا نہیں ہو گا، تبدیلی ووٹ سے آتی ہے اور ووٹ سے ہی آئے گی، عمران خان 2018 کے الیکشن کی تیاری کریں۔

جاگی ہوئی قوم کو سلانے کی کوشش نہ کریں عمران دھاندلی کا رونا روتے ہیں اور شاہ محمود قریشی نذرانوں سے کام چلاتے ہیں، وزیر اعظم 100روپے کو ہزار میں بدلنے کا طریقہ جانتے ہیں، وسائل کے صحیح استعمال کا ہنر صرف نواز شریف کو آتا ہے بھارت سمیت پوری دنیا ان کی صلاحیتوں کا لوہا مانتی ہے اور تعریف کرتی ہے وہ اتوار کو عمران خان کے سگے چچا زاد بھائی اور مسلم لیگ (ن) کے مرحوم رکن صوبائی اسمبلی نجیب اﷲ نیازی کی وفات پر اہل خانہ سے تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔

انہو ں نے مزید کہا کہ 2018میں مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف سمیت ہر جماعت کو عوام کے سامنے جواب دہ ہونا ہے،عمران خان بتائیں کہ انہوں نے خیبر پختونخوا میں 14 ماہ میں کیا کیا ہے؟دھاندلی راولپنڈی کے اس حلقے میں ہوئی جہاں مسلم لیگ (ن) ہاری ،ملک کے مفاد کی خاطر پھر بھی نتائج کو قبول کیا، ہماری سرحدوں کی خلاف ورزی کی جارہی ہے، معصوم لوگوں کو شہید کیا جارہا ہے، وطن ماں کی عزت کی طرح ہے، اس پرآنچ نہیں آنے دیں گے، کنٹرول لائن پر بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیں گے۔

اس کا دفاع اور سلامتی ہماری سب سے پہلی ترجیح ہے، ہم اپنی سرزمین اور لوگوں کی حفاظت کریں گے، سرحدوں کے باہر سے ہونے والے ہر حملے کا ڈٹ کرمقابلہ کریں گے۔ پرویز رشید نے مزید کہا کہ عمران نے کارکنوں کے جنازےوی آئی پی جہازدستیاب نہ ہونے پر چھوڑے۔اپنے لیے وی آئی پی، کارکنوں کے لیے عام گیٹ کھولا، کارکنوں کو عام گیٹوں کی طرف دھکیل دیا گیا ،عمران اپنےدائیں بائیں دیکھیں،سانحہ ملتان کےذمہ دارکاپتہ چل جائےگا،ٹی وی مناظر عمران کی بھیانک بے حسی کی داستان ہیں ،بھگدڑ کے بعد عمران جس طرح بھاگے پوری دنیا نے دیکھا ،پولیس کی ہڈیاں توڑنے والے ان کو مدد کے لیے نہیں کہہ سکتے ۔