فیصل آباد (جیوڈیسک) وفاقی وزیر برائے ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی دور میں ہم بھی میاں صاحب کو کہتے تھے کہ لانگ مارچ کریں، اسمبلیوں سے استعفے دیں مگر نواز شریف نے ہم سے ہمیشہ کہا کہ ایجی ٹیشن کی سیاست سے جمہوریت ڈی ریل نہ ہو جائے۔
سعد رفیق نے کہا ہے کہ تین ماہ سے حکومت کو نشانہ بنایا جارہا ہے اور کمزور ریاست ہورہی ہے۔ عمران خان میں صبر نام کی چیز نہیں ہے، ایک صاحب انقلاب کا نام لیتے ہیں لیکن اب انتخاب پر آ گئے ہیں۔ اسلام آباد میں لاشیں گرانے اور جمہوریت ڈی ریل کرنے کی سازش کی گئی۔ان کا کہنا تھا کہ ملک میں جب بھی ووٹ کا فیصلہ نہیں مانا گیا، پاکستان کو نقصان اٹھانا پڑا ہے۔انہوں نے کہا کہ سازش کے تحت پیسہ باہر سے لایا جارہا ہے۔
عمران خان اورطاہر القادری کے پاس ایسی کونسی مشین لگی ہے جو دھرنوں اور جلسوں پر کروڑوں روپے خرچ کئے جارہے ہیں۔ فیصل آباد میں طاہرالقادری کے آنے کا مقصد ووٹ نہیں نوٹ اکٹھا کرنا ہے۔ خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے ووٹ کا فیصلہ نہیں مانا تو پاکستان دولخت ہو گیا، پرویز مشرف نے بھی اسی طرح ملک کو نقصان پہنچایا۔
اب بھی اگر ووٹ کے فیصلے کی توہین کی جائے گی تو ملک کو اکٹھا رکھنا مشکل ہو جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ضد کی سیاست پاکستان کو نقصان پہنچائے گی، رکاوٹیں ڈال کر حکومت کو کام نہیں کرنے دیا جارہا ہے۔