انار یرقان اور تپ دق کے مریضوں کیلئے انتہائی مفید ہے : ماہرین

Pomegranate

Pomegranate

کوئٹہ (جیوڈیسک) اللہ تعالی نے انسان کی صحت کو برقرار اور توانا رکھنے کے لئے بے شمار پھل پیدا کئے ہیں جن میں سے ایک انار بھی ہے جس کے بارے میں مشہور ہے کہ ایک انار سو بیمار ، کیونکہ یہ پھل توانائی کا خزانہ ہے۔ آجکل کوئٹہ میں قندھاری انار کا پھلوں پر راج ہے۔

ایک انار سو بیمار کی کہاوت بالکل سچ ہے کیونکہ جب بازار میں انار آجاتے ہیں تو لوگ پھر دیگر پھلوں کو فوقیت کم دیتے ہیں کیونکہ اس کا منفرد ذائقہ اپنی مثال ہے۔ قندھار کے رس بھرے انار اپنی مخصوص مٹھاس کی وجہ سے مشہور ہیں جو آجکل کوئٹہ کے بازاروں میں دستیاب ہیں جن کو دیکھ کر ہر چھوٹے بڑے کا دل کھانے کو مچلتا ہے۔

انار خوش ذائقہ ہونے کے ساتھ ساتھ انسانی بدن میں خون کی کمی دور کرنے کا ذریعہ بھی ہے۔ انار کھانے سے جہاں پیاس کم لگتی ہے وہیں معدے کی کارکردگی کے لئے مفید ہے ، یہ یرقان اور تپ دق کے مریضوں کے لئے بے حد موثر ہے۔

ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ انار بے شمار بیماریوں کے علاج کے لئے فائدہ مند ہے۔ کوئٹہ شہر کی مختلف شاہراہوں پر پھل فروشوں نے قندھاری انار کے ٹھیلے لگائے جہاں بڑے بڑے اناروں کو خوبصورتی سے سجایا گیا ہے جو 150 سے 2 سو روپے فی کلو فروخت ہو رہے ہیں۔