ٹیم ورلڈ کپ میں شاندار پرفارمنس دکھائے گی، جنید خان

Junaid Khan

Junaid Khan

صوابی (جیوڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر جنید خان پرامید ہیں کہ گرین شرٹس ورلڈ کپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی، امید ہے اس بار بھارت کیخلاف شکستوں کے حصار سے بھی نکل آئیں گے۔

ان خیالات کااظہار انھوں نے اپنی رہائش گاہ موضع متھرہ ڈاگئی ضلع صوابی میں شائقین اور عمائدین علاقہ سے گفتگو کے دوران کیا، انھوں نے کہا کہ میگا ایونٹ 14 فروری سے نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا میں شروع ہوگا، ہمیں پوری طرح امید ہے۔

کہ ورلڈ کپ میں پاکستان بھر پور کامیابی حاصل کرئے گا۔ جنید خان نے کہا کہ گرین شرٹس پول بی میں شامل ہے جہاں پر اس کا سامنا روایتی حریف بھارت سے بھی ہونا ہے، ہم اس بات سے باخبر ہیں کہ ورلڈ کپ میں پڑوسی ٹیم کو ایک بار بھی نہیں ہرا سکے لیکن اس دفعہ کوشش ہوگی کہ کامیابی حاصل کریں۔

جنید خان نے یو اے ای میں آسٹریلیا کیخلاف سیریز میگا ایونٹ کی تیاریوں کیلیے اہم ہے ، ٹیم نوجوان اور سینئر کھلاڑیوں کا امتزاج ہے، انھوںنے کہا کہ ہمیں ورلڈ کپ جیتنے کے لیے سخت محنت کے ساتھ ساتھ قوم کی دعائوںکی بھی ضرورت ہے۔

فٹنس کے حوالے سے سوال کے جواب میں جنید خان نے کہا کہ گھٹنہ ٹوئسٹ ہو چکا ہے اور ڈاکٹر نے صحت یابی کے لئے 4 سے 6 ہفتے تک آرام کا مشورہ دیا ہے، بہت جلد مجاز ڈاکٹر سہیل سے اس کا معائنہ کرونگا اور جب وہ اجازت دیں تو ٹیم کیلیے دستیاب ہوں گا۔

انھوں نے کہا کہ قومی کرکٹ ٹیم بالکل متحد ہے اور اس میں کسی قسم کا اختلاف نہیں، صوابی میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں، رزڑ اور شاہ منصور میں قائم اکیڈمی سے نئے کھلاڑی نکل رہے ہیں جو قومی سطح پرکرکٹ کی ٹیموں میں شامل ہو کر اپنا بھرپور کردار ادا کرینگے۔