جاوید ہاشمی کی خالی نشست پر ضمنی انتخاب کے لئے ضابطہ اخلاق جاری

Election

Election

ملتان (جیوڈیسک) الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے معزول صدر جاوید ہاشمی کے استعفے کے بعد خالی ہونے والی قومی اسمبلی کی نشست پر ضمنی انتخاب کے لئے ضابطہ اخلاق جاری کردیا۔

ملتان کے قومی اسبلی کے حلقہ 149 میں ضمنی انتخاب 16 اکتوبرکو ہوگا جبکہ اس موقع پر حلقے بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے اور پولنگ کے روز اسلحہ کی نمائش پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ ضابطہ اخلاق کے مطابق کسی دوسرے ووٹر کی جگہ ووٹ ڈالنا جرم تصور کیا جائے گا اور خواتین کو ووٹ سے روکنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

الیکشن کمیشن کے مطابق پولنگ اسٹیشن کے 400 گز میں ووٹر کو رشوت دینا، دھمکی دینا یا من پسند امیدوار کو ووٹ ڈالنے کی ترغیب دینے پر بھی پابندی ہوگی۔ واضح رہے کہ تحریک انصاف کے معزول صدر جاوید ہاشمی کے استعفے کے بعد قومی اسمبلی کی نشست خالی ہوئی تھی جس پر ہونے والے ضمنی الیکشن میں تحریک انصاف کی حمایت آزاد امیدوار جبکہ مسلم لیگ (ن) جاوید ہاشمی کی حمایت کر رہی ہے۔