ذکاء اشرف نے موجودہ چیئرمین شہریار خان کو کٹھ پتلی قرار دیدیا

Zaka Ashraf

Zaka Ashraf

لاہور (جیوڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین ذکاء اشرف نے موجودہ چیئرمین شہریار خان کو کٹھ پتلی قرار دیدیا، کہتے ہیں مصباح الحق قومی ٹیم کی قیادت کیلئے بہترین انتخاب ہیں۔

شاہد آفریدی میں لیڈر شپ کوالٹی نہیں ہے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم میں قیادت کی جنگ، سابق چیئرمین ذکاء اشرف نے صورتحال کا ذمہ دار پی سی بی کو قرار دیدیا، ذکاء اشرف نے موجودہ چیئرمین شہریار خان کوآڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ بورڈ میں ان کا کردار کٹھ پتلی سے زیادہ نہیں ہے، بورڈ کے فیصلے سابق چیئرمین نجم سیٹھی کررہے ہیں، نجم سیٹھی نے پہلے محمد حفیظ کو قیادت سے ہٹایا اوراب مصباح کیلئے ایسے حالات پیدا کئے جارہے ہیں کہ وہ قیادت چھوڑ دیں۔

ذکاء اشرف نے کہا کہ شہریار خان کو کپتانی کے معاملے میں مصباح کو سپورٹ کرنا چاہیے کیونکہ شاہد آفریدی میں کپتانی کی اہلیت ہی نہیں ہے۔ سابق چیئرمین نے کہا کہ اگر مصباح دو سیریز میں پرفارم نہ کر سکے تواس پراتنا واویلا مچانے کی ضرورت نہیں، مصباح کی گزشتہ چار سال کی پرفارمنس سب کے سامنیہے، انہوں نے کہا کہ آفریدی نے دوسال میں کون سا تیر مار لیا۔