اسد حکومت ختم ہوئی تو اسرائیل بھی سلامت نہیں رہے گا، ایران کی دھمکی

Abdllhyan

Abdllhyan

تہران (جیوڈیسک) ایران نے انتباہ کیا ہے کہ شام میں صدر بشار الاسد کی حکومت کے خاتمے کی صورت میں اسرائیل کی سلامتی داؤ پر لگ سکتی ہے العربیہ کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ کے معاون خصوصی برائے عرب و افریقی امور حسین امیر عبدللھیان نے کہا ہے کہ اگر شام میں اسد حکومت ختم ہوئی تو پھر اسرائیل کی سلامتی کی کوئی ضمانت نہیں دی جا سکتی۔

حسین امیر کا کہنا تھا کہ ہم نے امریکہ کو یہ پیغام پہنچا دیا ہے کہ اگر وہ دہشت گردی ختم کرنے کی آڑ میں صدر بشارالاسد کی حکومت گرانا چاہتا ہے تو یاد رکھے کہ پھر اسرائیل بھی سلامت نہیں رہے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ جس ناپسندیدہ طریقے سے داعش جنگجوؤں سے نمٹا جا رہا ہے اس کے صہیونیوں اور امریکیوں پر خطرناک نتائج مرتب ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم بشار الاسد کو تاحیات ملک کا صدر رکھنے کے قطعا حامی نہیں لیکن موجودہ حالات میں ان کی حکومت کا خاتمہ دہشت گردی کی فتح اور آئینی مزاحمت کا خاتمہ ہو گا، اس لئے ایران شام میں فوری طور پر حکومت کی تبدیلی کی اجازت نہیں دے گا بلکہ ضرورت پڑنے پر اپنے اتحادیوں کے صلاح مشورے کے بعد ہی شام میں حکومت کی تبدیلی کی اجازت دی جائیگی۔