کراچی (جیوڈیسک) سندھ کے وزیر جیل خانہ جات منظوور وسان کا کہنا ہے انہوں نے سینٹرل جیل میں دہشت گردوں کی کھودی گئی سرنگ دیکھی تو خود پریشان ہوگئے ، ان کا کہنا ہے حیدر آباد جیل میں بھی ایسی واردات کا خدشہ ہے ، سنٹرل جیل کو شہر کے باہر منتقل کرنے کا پی سی ون تیار کر لیا ہے، دوسری طرف دہشت گردوں کی نشاندہی پر ان کے مزید تین ساتھی گرفتار کر لئے گئے ہیں۔
سندھ کے وزیر جیل خانہ جات نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہمیں علم نہیں تھا کہ دہشت گرد سرنگ سے آئیں گے ، گزشتہ سال اسی گھر سے راکٹ بھی فائر کیا گیا۔ نیوٹاؤن تھانے میں مقدمہ درج ہوا لیکن آج تک کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔
منظور وسان کا کہنا تھا وہ خود سرنگ کو دیکھ کر پریشان ہو گئے ، جیل کے باہر سے حملے کے خطرات موجود تھے۔ انہوں نے کہا غوثیہ کالونی کے اونچے مکانات جیل کی سیکورٹی کے لئے مسمار کیے جائیں گے۔ دوسری طرف کراچی سنٹرل جیل پر حملے کی سازش کی تحقیقات میں پیشرفت ہوئی ہے۔
دہشت گردوں کی نشاندہی پر چھاپے مار کر دہشت گردوں کی معاونت کرنے والے مزید تین ساتھی گرفتار کر لئے گئے ہیں۔ دوروز قبل کراچی سینٹرل جیل میں کھودی گئی پینتس میٹر سرنگ پکڑی گئی ، دہشت گردوں نے اس سرنگ کے ذریعے جیل سے ساتھیوں کو چھڑانے کا منصوبہ بنا رکھا تھا۔