وزیرآباد (تحصیل رپورٹر) ٹی ایم اے کی کرپشن بارے خبروں کی اشاعت پر ٹی ایم او نے ردعمل کے طور پر صحافیوں کا داخلہ بند کرنے کیلئے مین گیٹ کو تالہ لگوا دیا۔ ٹی ایم اے وزیرآباد کے متعلق حقائق پر مبنی خبریں شائع ہونے پر خاتون ٹی ایم او نے برسوں سے دفتر میں براجمان آفس سپرنٹنڈنٹ اور دیگر کیساتھ میٹنگ میں فیصلہ کیا ہے کہ کرپشن بے نقاب کرنے والے صحافیوں کو گیٹ سے اندر داخل نہ ہونے دیا جائے۔
قومی اخبارات میں چند روز سے وزیرآباد شہر اور گردونواح میں لگے گندگی کے ڈھیروں، تجاوزات، غیر قانونی تعمیرات، افسران کے تاخیر سے دفتر آنے اور ٹی ایم او آفس کی دیگر بے قاعدگیوں کے بارے خبریں شائع ہورہی تھیں جس پر اصلاح احوال کرنے کی بجائے ٹی ایم او نے عملہ کے مخصوص اراکین کیساتھ مل کر مسئلہ کا حل یہ نکالا ہے کہ دفتر کو تالا لگا دیا جائے اور کرپشن بے نقاب کرنے والے صحافیوں کو اندر داخل نہ ہونے دیا جائے۔
جبکہ اس سلسلہ میں منظور نظر صحافیوں کی خدمات بھی حاصل کرلی گئی ہیں کہ وہ حقائق کو چھپاتے ہوئے ٹی ایم او آفس کی کارکردگی کی زیادہ سے زیادہ فرضی خبریں شائع کریں۔ شہریوں نے بار بار مطالبات کے باوجود ذمہ دار اتھارٹیز کی طرف سے حالات میں بہتری نہ لانے پر چیف جسٹس ہائی کورٹ پنجاب، وزیر اعلیٰ پنجاب سے مطالبہ کیا ہے وہ صورتحال کا نوٹس لیکر کرپشن میں ملوث اہلکاروں کے خلاف تادیبی کاروائی عمل میں لاکر شہریوں کے مسائل کے حل کی طرف خصوصی توجہ دیں۔