عمران کوغریبوں کا مذاق اڑانے کا حق نہیں، شرجیل میمن

Sharjeel Memon

Sharjeel Memon

کراچی (جیوڈیسک) سندھ کے وزیر اطلاعات و بلدیات اور پیپلزپارٹی کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہاہے کہ 18 اکتوبر کوکراچی میں ہونے والے جلسے میں جیالے، بھٹو شہیدکے فلسفے پر عمل کرنے والے عوام اور جمہوریت کے دیوانے شریک ہوں گے۔

عمران خان کو کوئی حق نہیں پہنچتاکہ وہ غریب عوام کامذاق اڑائیں، جلسہ صوبوں میں ہم آہنگی اوروفاق کی مضبوطی کی علامت ہوگا۔ منگل کی شب مزار قائد سے متصل جلسہ گاہ کے دورے انھوں نے کہا کہ 18 اکتوبر کا جلسہ ملک میں ایک نئی تاریخ رقم کرے گا۔

اور کراچی سمیت ملک بھرمیں ہونے والے جلسوں کا ریکارڈ توڑ دے گا، جلسہ گاہ میں انسانوں کاٹھاٹیں مارت اسمندر ہوگااور عوام یہ بات ثابت کریں گے کہ وہ اس ملک میں حقیقی جمہوریت کیلیے جانوں کے نذرانے دینے والے بھٹو خاندان کے ساتھ ہیں۔

انھوں نے کہا کہ لاکھوں جیالے جلسے میں شریک ہوکر ثابت کردیں گے کہ انھیں قائد اعظم، ذوالفقار علی بھٹو شہیداور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا پاکستان چاہیے نا کہ عمران خان کا خیالی پلاؤاور بدتمیزی بھرا نظام، 18 اکتوبر کا جلسہ صوبوں میں ہم آہنگی اور وفاق کی مضبوطی کی علامت ہوگا۔

اس موقع پر رکن سندھ اسمبلی مکیش کمار چاؤلہ، پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے صدر عبدالقادر پٹیل اور دیگر بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر اور دیگر رہنماؤں نے جلسہ گاہ میں کی جانے والی تیاریوں کاجائزہ لیا اور ان پر اظہار اطمینان کیا۔