پانی اور بجلی کی عدم فراہمی، لانڈھی، تین ہٹی اور دیگر علاقوں میں مظاہرے

Protests

Protests

کراچی (جیوڈیسک) لانڈھی ، پی آئی بی کالونی، تین ہٹی ، نشتر روڈ اور ملحقہ علاقوں بجلی کی طویل غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ اور پانی کی بندش کے خلاف مکینوں نے احتجاج کیا، تین ہٹی پر ٹینکر اور رکشے کھڑے کر کے ٹریفک معطل کرا دیا اور سڑک پر ٹائر جلائے ، مذاکرات کے لیے آنے والے پولیس افسران کو بھی بھگا دیا۔

تفصیلات کے مطابق پی آئی بی کالونی ، تین ہٹی ، نشتر روڈ ، لیاقت آباد اور متصل علاقوں میں بجلی کی طویل غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ اور پانی کی عدم فراہمی پر علاقہ مکین مشتعل ہو گئے اور نعرے لگاتے ہو ئے جلوس کی شکل میں تین ہٹی چوک پر جمع ہو گئے۔

واٹر ٹینکر اور رکشے کھڑے کر کے ٹریفک معطل کرا دیا ، ہنگامہ کے نتیجے میں لیاقت آباد ، پی آئی بی کالونی ، نشتر روڈ ، گرومندر نمائش چورنگی ، نیو ایم اے جناح روڈ ، پریڈی اسٹریٹ ، ایمپریس مارکیٹ ، ایم اے جناح روڈ سمیت دیگر اہم شاہراہوں پر بدترین ٹریفک جام ہوگیا، پولیس کی جانب سے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے متعدد بار مذاکرات کیے گئے ۔

تاہم مظاہرین نے بات چیت کرنے سے انکار کر دیا تاہم کئی گھنٹوں کی سخت جدوجہد کے بعد پولیس مظاہرین کو منتشر کرنے میں کامیاب ہوگئی ، دریں اثنا لانڈھی کے علاقے فیوچر کالونی اور پی آئی بی کالونی میں بھی مشتعل افراد نے پانی اور بجلی کی عدم فراہمی پر شدید احتجاج کرتے ہوئے۔

سڑک پر دھرنا دے کر ٹریفک معطل کر دیا، مشتعل افراد کا کہنا تھا کہ کے الیکٹرک اور واٹر بورڈ نے شہریوں کا جینا حرام کیا ہوا ہے نہ تو گھروں میں بجلی ہے۔

اور نہ ہی پانی جبکہ متعلقہ اداروں کو کئی بار شکایات درج کرانے کے باوجود کوئی شنوائی نہیں ہو رہی ، ہنگامہ آرائی کے بعد لانڈھی فیوچر کالونی اور پی آئی بی کالونی مینا بازار کے قریب ٹریفک معطل ہوگیا، پولیس نے مظاہرین کو یقین دہانی کے بعد پرامن منتشر کر دیا۔