پشاور (جیوڈیسک) خیبر پختونخوا کے گورنر سردار محتاب عباسی نے کہا ہے کہ شمالی وزیرستان آپریشن کی وجہ سے بے گھر ہونے والے افراد کی کی محفوظ واپسی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ قبائلی عمائدین کے ایک وفد سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آئی ڈی پیز کی واپسی اور ان کے علاقوں میں تعمیرِ نو امن کے بغیر ممکن نہیں ہے۔
اس موقع پر گورنر نے ایڈیشنل چیف سیکریٹری فاٹا کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل کرنے کا اعلان کیا، جو شمالی وزیرستان کے متاثرین کی مشکلات کو حل کرے گی۔ یہ کمیٹی سیکریٹری قانون فاٹا، کمشنر بنوں، سیاسی جرگہ اور شمالی وزیرستان کے پانچ عمائدین پر مشتمل ہوگی۔
یاد رہے کہ پاک فوج کی جانب سے پندرہ جون کو شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کا آغاز کیا گیا تھا جس کو ضرب عضب کا نام دیا گیا۔ آپریشن کی وجہ سے لاکھوں افراد نقل مکانی پر مجبور ہوئے جن کی اکثریت خیبر پختونخوا کے مختلف حصوں میں موجود ہے۔