زہرہ شاہد قتل کیس کے چشم دید گواہ کا ملزمان کی شناخت کیلئے عدالت میں پیش ہونے سے انکار

Zahra Shahid

Zahra Shahid

کراچی (جیوڈیسک) تحریک انصاف کی رہنما زہرہ شاہد کے قتل کے ایک چشم دید گواہ نے ملزمان کی شناخت کے لئے عدالت میں پیش ہونے سے انکار کر دیا۔ کراچی پولیس نے زہرہ شاہد قتل کیس میں ارباب اور غلام رسول نامی دو افراد کو عینی شاہدین کی فہرست میں شامل کیا تھا۔

دو روز قبل گواہ غلام رسول نے راشد عرف ماسٹر اور زاہد عباس زیدی نامی دو ملزمان کو شناخت کرلیا تھا، جس کے بعد دوسرے گواہ ارباب کی جانب سے ملزمان کو شناخت کیا جانا تھا۔

تاہم اس نے شناخت کے لئے عدالت آنے سے انکار کر دیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گواہ کے انکار کے باعث شناختی پریڈ کے لئے ملزمان کو بھی نہیں لایا گیا اس لئے اب پولیس غلام رسول کی گواہی پر ہی اکتفا کرے گی۔

واضح رہے کہ زہرہ شاہد کو گزشتہ برس مئی میں ان کے گھر کے قریب ہی قتل کیا گیا تھا تاہم پولیس نے گزشتہ ماہ ملزمان کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔