آپریشن ضرب عضب کو دہشتگردوں کے ٹھکانوں کے مطابق وسعت دی جائے، الطاف حسین

Altaf Hussain

Altaf Hussain

لندن (جیوڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ آپریشن ضرب عضب کو مزید تیز کر کے ملک بھر سے دہشت گردو ں کا جلد از جلد قلع قمع کرکے عوام کو جا ن ومال کا تحفظ فراہم کیا جائے۔

خیبر ایجنسی کی وادی تیراہ میں خود کش دھماکے میں کئی افراد کے جاں بحق اور زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کااظہارکرتے ہوئے الطاف حسین نے کہا کہ وادی میں خود کش دھماکا دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن ضرب عضب کا ردعمل ہے، پاک فوج نے آپریشن ضرب عضب کے نتیجے میں دہشت گردوں اور ان کے متعدد ٹھکانوں کا خاتمہ کیا آپریشن ضرب عضب کو مزید تیز تر کیاجائے اور اسے ملک میں قائم دہشت گردوں کے ٹھکانوں کے مطابق توسیع دی جائے اور ملک بھر سے دہشت گردو ں کا جلد از جلد قلع قمع کرکے عوام کو جا ن ومال کا تحفظ فراہم کیاجائے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں دہشت گردی کے باعث امن و امان، معاشی اور اقتصادی صورتحال بد تر ہوتی جا رہی ہے۔

ملک میں کوئی سرمایہ کاری تو کجا کھیلنے کے لئے آنے کو تیار نہیں ہے اور دوسرے ممالک کی ٹیمیں پاکستان آنے سے گریزاں ہیں، یہ صورت حال ملک کی بقا و سلامتی کے لئے سنجیدہ فیصلوں اور حکمت عملی کو اختیار کرنے کا عندیہ دے رہی ہے۔

قائدایم کیو ایم الطاف حسین نے خود کش دھماکے میں شہید افراد کے لواحقین سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہدا کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور زخمیوں کو جلد ومکمل صحت یابی عطا کرے۔ انہوں نے وفاقی اور صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ اس واقعے میں ملوث دہشت گردوں کے سرپرستوں کو فی الفور گرفتار کیا جائے اور آپریشن ضرب عضب کی کامیابی اور دہشت گردوں کے خاتمہ کے لئے تمام ممکنہ ملکی وسائل اور ذرائع استعمال میں لائے جائیں۔