لاہور (جیوڈیسک) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے لوکل گورنمنٹ ترمیمی آرڈیننس 2014 جاری کر دیا۔
ملک میں جلد بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے اقدامات تیز کر دیئے گئے ہیں جس کے تحت گورنر چوہدری محمد سرور نے پنجاب میں لوکل گورنمنٹ ترمیمی آرڈیننس 2014 جاری کر دیا ہے۔ آرڈینس کےتحت صوبے میں بلدیاتی حلقہ بندیوں کا اختیار الیکشن کمیشن کو دے دیا گیا ہے جبکہ انتخابی فہرستوں کی تیاری بھی الیکشن کمیشن ہی کرے گا۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ کی ہدایت کے بعد جلد بلدیاتی انتخابات کے لیے گزشتہ روز صدارتی آرڈیننس جاری کیا گیا جس کے بعد اب صوبوں نے بھی بلدیاتی انتخابات کے لیے امور کو تیزی سے نمٹانا شروع کر دیا ہے۔