الیکشن کمیشن نے اثاثوں کی تفصیلات جمع نہ کرانے پر 212 ارکان پارلیمنٹ کی رکنیت معطل کر دی

Election Commission

Election Commission

اسلام آباد (جیوڈیسک) الیکشن کمیشن نے اثاثوں کی تفصیلات جمع نہ کرانے پر 212 ارکان پارلیمنٹ کی رکنیت معطل کر دی ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق اثاثوں کی تفصیلات جمع نہ کرانے پر 212 ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کی رکنیت معطل کی گئی ہے جس کا نوٹی فکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے قومی اسمبلی کے 40، پنجاب کے 98، سندھ کے 27، خیبر پختونخوا کے 32 اور بلوچستان اسمبلی کے 9 ارکان کی رکنیت معطل کی گئی جبکہ رکنیت معطل ہونے والوں میں 2 سینیٹر بھی شامل ہیں۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق سراج الحق، شوکت یوسفزئی،پیر صدر الدین شاہ، اویس مظفر، اویس لغاری، غلام ربانی کھر، جمال لغاری، سینیٹر قیوم سومرو اور سینیٹر محمد یوسف سمیت دیگر ارکان کی رکنیت معطل کی گئی ہے جبکہ تحریک انصاف کے مستعفی رکن عارف علوی کی بھی رکنیت کو معطل کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے اراکین پارلیمنٹ کو اثاثوں کی تفصیلات جمع کرانے کے لیے ڈیڈ لائن دی گئی تھی جس میں انہیں تفصیلات نہ جمع کرانے پر رکنیت کی معطلی سے بھی آگاہ کیا گیا تھا۔