پانی کی قلت کے خلاف لسبیلہ چوک پر مظاہرہ اور دھرنا

Protest

Protest

کراچی (جیوڈیسک) پانی کی عدم فراہمی پر مشتعل افراد نے لسبیلہ چوک پر دھرنا دیا اور واٹر بورڈ کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے شدید نعرے بازی کی ،احتجاج کے باعث لسبیلہ چوک اور اس کے اطراف کی سڑکوں پر بدترین ٹریفک جام ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق لسبیلہ چوک کے اطراف کی آبادیوں میں گزشتہ کئی ہفتوں سے پانی کی عدم فراہمی کے باعث علاقہ مکین مشتعل ہو کر سڑکوں پر نکل آئے اور احتجاج کرتے ہوئے سڑک پر ٹائر جلائے اور رکاوٹیں کھڑی کرکے سڑک کو ٹریفک کیلئے بند کردیا۔

اس دوران لسبیلہ چوک کے اطراف کی شاہراہوں پر بدترین ٹریفک جام ہوگیا، جبکہ اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور مشتعل مظاہرین کو مذاکرات کے بعد منتشر کردیا، تاہم دوگھنٹے سے زائد جاری رہنے والے احتجاج کے دوران پورے علاقے میں بدترین ٹریفک جام رہا اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔