ایف بی آر کے ماتحت اداروں کی کارکردگی کا جائزہ شروع

FBR

FBR

اسلام آباد (جیوڈیسک) چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے تمام ماتحت اداروں کی رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کی کارکردگی کا جائزہ لینے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت ناقص کارکردگی کے حامل ماتحت اداروں کے سربراہان و ذمے داران کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور انہیں تبدیل کردیا جائے گا۔

چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے مذکورہ پالیسی کے تحت جمعہ کو اسلام آباد اور جڑواں شہر راولپنڈی کے ریجنل ٹیکس آفسز و ایل ٹی یو کی ٹیموں کو طلب کرلیا ہے۔ دستاویز میں بتایا گیا کہ چیئرمین ایف بی آر طارق باجوہ کی زیرصدارت ایف بی آر ہیڈکوارٹرز میں اس جائزہ اجلاس میں نہ صرف لارج ٹیکس پیئر یونٹ اسلام آباد اور ریجنل ٹیکس آفس اسلام آباد و ریجنل ٹیکس آفس راولپنڈی کے چیف کمشنرز بلکہ کمشنرز کی ٹیم اور دیگر متعلقہ حکام بھی شرکت کے لیے آئیں گے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں مذکورہ تینوں ماتحت اداروں کی رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا جس کے بعد ملک کے دیگر ایل ٹی یوز اور آر ٹی اوز کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے بتدریج اجلاس بلائے جائیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ جو ماتحت ادارے ٹیکس وصولیوں کے اہداف حاصل کرنے میں ناکام ہوں گے یا ان کی جوریزڈکشن میں آڈٹ کے کیس نمٹانے سے متعلقہ کارکردگی تسلی بخش نہیں ہوگی ان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور ان ماتحت اداروں کے سربراہاں کو تبدیل کردیا جائے گا، اس کے ساتھ ساتھ جو ماتحت ادارے اچھی کارکردگی کے حامل ہوں گے انہیں انعامات بھی دیے جائیں گے۔