جلال الدین حقانی کا بیٹا افغانستان سے گرفتار

Nasiruddin Haqqani, Jalaluddin Haqqani

Nasiruddin Haqqani, Jalaluddin Haqqani

کابل (جیوڈیسک) افغان سیکیورٹی فورسز نے افغان اور نیٹو افواج پر حملوں میں ملؤث حقانی نیٹ ورک کے دو سینیئر کمانڈروں کو گرفتار کرلیا ہے۔ افغان انٹیلی جنس ایجنسی ‘نیشنل ڈائریکٹوریٹ آف سیکیورٹی’ کے ترجمان حسیب صدیقی نے اے ایف پی کو بتایا کہ حقانی نیٹ ورک کے بانی جلال الدین حقانی کے بیٹے انس حقانی کے ساتھ ایک اور کمانڈر حافظ راشد کو منگل کی رات گرفتار کیا گیا۔

حسیب صدیقی کا کہنا تھا کہ ہمیں یقین ہے کہ گرفتار ہونے والے کمانڈر، حقانی نیٹ ورک اور اس کی مرکزی کمانڈ تک رسائی رکھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انس حقانی کا نیٹ ورک کی حکمت عملیاں ترتیب دینے میں اہم کردار ہے اور وہ فنڈز اکٹھا کرنے کے لیے اکثر و بیشتر خلیجی ریاستوں کا دورہ کرتے رہتے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ کچھ عرصے سے افغانستان کے مختلف علاقوں میں مقامی فوج اور نیٹو افواج پر حملوں میں اچانک اضافہ ہوگیا ہے، جس کا ذمہ دار حقانی نیٹ ورک کو قرار دیا جا تا ہے۔ حقانی نیٹ ورک کو القاعدہ اور افغان طالبان کا اتحادی سمجھا جاتا ہے اور امریکا اسے نیٹو اور افغان سیکیورٹی فورسز کے لیے سب سے خطرناک گروپ قرار دیتے ہوئے اسے ‘عالمی دہشت گرد’ قرار دے چکا ہے۔