خاتون ٹی ایم او نے محکمانہ بے قاعدگیوں، بدانتظامیوں اور کرپشن کے سابقہ تمام ریکارڈ توڑ دیئے

Corruption

Corruption

وزیرآباد (افتخار احمد بٹ) خاتون ٹی ایم او نے محکمانہ بے قاعدگیوں، بدانتظامیوں اور کرپشن کے سابقہ تمام ریکارڈ توڑ دیئے۔ ماتحت یونٹوں علی پور چٹھہ، وزیرآباد، گکھڑ منڈی،سوہدرہ اوررسولنگر کے عارضی چیف افسروں کیساتھ ملکر لوٹ مار کو عروج پر پہنچا دیا ہے۔ڈیلی ویجز زائد ملازمین کی تنخواہیں نکلوانے کے علاوہ سرکاری مشینری اور پٹرول پمپ مالکان کی ملی بھگت سے اپنی پرائیویٹ کار میں ہزاروں روپے کا سرکاری پٹرول ڈلواتی ہے اور اسی پٹرول کو گھریلو آمدورفت کیلئے بھی استعمال کیا جاتا ہے۔

خاتون افسر صبح اپنے خاوند کے ہمراہ دفتر آتی ہے جو دیرتک ٹی ایم او آفس میں براجمان رہتا ہے دفتر میں شہریوں کے داخلہ اور کرپشن بے نقاب کرنے والے چند صحافیوں پر پابندی کی وجہ سے شہریوں کو تکالیف کا سامنا رہتا ہے۔

متذکرہ خاتون ٹی ایم او پریہ بھی الزام ہے کہ خزانہ سرکار سے تنخواہ لینے والے بیشتر ڈیلی ویجز ملازمین سے بااثر افراد، سیاسی شخصیات کی ذاتی ڈیو ٹیاں کرواتی اور اپنی ذاتی گاڑی پر کام کرنے والے ڈرائیور کو بھی یونٹ وزیرآباد سے ڈیلی ویجز سینٹری ورکر کے کوٹہ سے تنخواہ دلوا رہی ہے جبکہ منٹیننس کے نام پر بوگس بلوں کا اجراء کروایا جاتا ہے۔ٹی ایم او نے شہر میں صفائی کے معاملات سے بھی توجہ ہٹالی ہے۔

مستقل ،کوالیفائیڈچیف افسر تعینات نہ ہونے کی وجہ سے شہر میں صفائی کا نظام ابتر ہوچکا ہے جس کی وجہ سے لوگوں کی مشکلات بڑھ گئی ہیں۔ٹی ایم او کا موقف جاننے کیلئے جب ان سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ بالا افسران اور مقامی سیاسی شخصیات ان سے مطمئن ہیں اس لئے انہیں کوئی پریشانی نہیں۔ عوامی، سماجی حلقوں، سول سوسائٹی کے اراکین نے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ اینڈکیمیونٹی ڈویلپمنٹ اور دیگرحکام بالا سے فوری اصلاح احوال کا مطالبہ کیا ہے۔