کراچی (جیوڈیسک) پیپلز پارٹی کے کراچی میں ہونے والے جلسے میں شرکت کے لئے نواب شاہ سے کارکنوں کا پیدل قافلہ کراچی پہنچ گیا۔ کراچی کے باغ جناح میں 18 اکتوبر کو ہونے والے پیپلز پارٹی کے جلسے میں شرکت کے لئے ملک بھر سے کارکنوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔
سندھ کے ضلع بے نظیر آباد سے نوجوانوں اور بزرگوں پر مشتمل قافلہ پیدل مارچ کرتے ہوئے کراچی پہنچ گیا۔ کارکنوں کا کہنا تھا کہ پیدل مارچ کا مقصد شہید قائد کو خراج عقیدت پیش کرنا ہے۔ جلسے میں شرکت کے لئے کارکن 14 اکتوبر کو بے نظیر آباد سے روانہ ہو ئے تھے۔ کارکنوں نے کراچی پہنچنے پر خوشی کا اظہار کیا اور ٹول پلازہ پر پارٹی نغموں پر رقص کیا۔ کارکنوں کا کہنا تھا کہ بلاول میں انہیں بینظیر بھٹو کی شبیہہ نظر آتی ہے، اور اب وہ ہماری امیدوں کا مرکز ہیں۔