کراچی (جیوڈیسک) کراچی پولیس کے سابق سربراہ شاہد حیات کو وفاقی تحقیقاتی ادارے میں ڈائریکٹر سندھ زون تعینات کردیا گیا۔سابق ایڈیشنل آئی جی کراچی شاہد حیات کو گذشتہ ہفتے ڈی آئی جی سی آئی ڈی تعینات کیا گیا تھا اور ایڈیشنل آئی جی، سی آئی ڈی کا اضافی چارج بھی انکے پاس ہی تھا۔
ذرائع کے مطابق شاہد حیات نے گذشتہ روز ڈی آئی جی سی آئی ڈی کا چارج چھوڑ دیا تھا جس کے بعد حکومت سندھ نے انکی خدمات وفاق کے سپرد کردی تھیں۔ آج وفاقی وزارت داخلہ نے شاہد حیات کو ڈائریکٹر ایف آئی اے سندھ زون تعینات کیے جانے کے احکامات جاری کر دیئے۔ مرتضٰی بھٹو قتل کیس میں قید کاٹنے والے شاہد حیات رہائی کے بعد ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے امیگریشن کے طور پر بھی خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔