لاہور (جیوڈیسک) جماعت اسلامی کے مرکز منصورہ میں پریس کانفرنس سے خطاب میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا تھا کہ خوشحال پاکستان اور لاقانونیت کے خاتمے کے لئے جماعت اسلامی تحریک پاکستان کے عنوان سے ایک بار پھر جدوجہد شروع کرنے جا رہی ہے۔
انکا کہنا تھا کہ پانچ فیصد کرپٹ اشرافیہ نے سڑسٹھ سال سے پاکستان کے وسائل پر قبضہ کر رکھا ہے یہ اشرافیہ عوام کو روزگار، امن اور پاکستان کی سرحدوں کی حفاظت میں ناکام ہے۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا ہے کہ ملکی نظام کا یہ حال ہے کہ ایک ایف آئی آر کے اندراج کے لئے لاہور سے اسلام آباد تک لانگ مارچ کرنا پڑتا ہے۔
سڑسٹھ سال سے قائم اسٹیٹس کو توڑنا ہوگا اس ملک کے عوام کو بار بار دھوکہ دیا گیا۔ سراج الحق نے بتایا کہ مینار پاکستان پر ہونے والے تین روز اجتماع میں چوبیس ممالک سے اسلامی تحریکوں کے قائدین بھی شریک ہوں گے۔