گوجرانوالہ : توانائی بحران حکومتی نا اہلی کا نتیجہ ہے۔ ادریس میر

Gujranwala

Gujranwala

گوجرانوالہ : پاکستان تحریک انصاف سٹی گوجرانوالہ کے سابق صدر ادریس میر نے کہا ہے کہ توانائی بحران حکومتی نا اہلی کا نتیجہ ہے اور اس بحران نے ملکی معیشت کو مفلوج کر کے رکھ دیا ہے۔ حکومت اقتصادی شعبہ سمیت دیگر شعبوں میں بھی ناکام ہو چکی ہے۔ نندی پور پاور پراجیکٹ کے نام پر قوم سے بڑا دھوکہ کیا گیا اور اربوں روپے ضائع کر دیے گئے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف چائنہ اور دیگر ممالک کے نام پر پاور پراجیکٹ دینے اور بحران کے حل کی جھوٹی نوید دے کر قوم کو دھوکہ نہیں دے سکیں گے۔ پہلے یہ بتایا جائے کہ نندی پور پاور پراجیکٹ کے حوالہ سے قوم سے جھوٹ کیوں بولاگیا۔ حکمران اگر معاہدوں کے لئے چائنہ جانا چاہتے ہیں تو قوم کو یہ بھی بتایا جائے کہ ان منصوبوں کی قیمت عوام کو کس طرح چکانا پڑے گی اور فی یونٹ بجلی کس ریٹ پر میسر آئے گی۔

محض نمائشی اقدامات سے قوم کو بیوقوف بنانے کا وقت گزر چکا ہے۔ ادریس میر نے کہا کہ جعلی مینڈیٹ والوں نے غربت افلاس اور بد امنی کے سوا کچھ نہیں دیا۔ ملکی صورتحال گھمبیر ترین ہو چکی ہے اور اس سے نمٹنے کا واحد حل یہ ہے کہ ملک میں صاف شفاف انتخابات کے ذریعے نئی حکومت تشکیل دی جائے۔