مختلف شہروں سے جیالوں کی کراچی آمد کا سلسلہ جاری

Jiyalas

Jiyalas

کراچی (جیوڈیسک) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا خطاب سننے کے لئے ملک کے مختلف شہروں سے جیالوں کے قافلوں کی کراچی آمد کا سلسلہ جاری ہے پیپلزپارٹی کی جانب سے کراچی میں ہونےوالے جلسے میں شرکت کے لئے سندھ کے مختلف شہروں سے ہزاروں کارکن روانہ ہوئے۔

جلسے میں شرکت کےلئے سکھر سےخصوصی ٹرین چلائی گئی۔ رکن قومی اسمبلی نعمان شیخ کی قیادت میں سیکڑوں کارکن کراچی پہنچ رہے ہیں۔ لاڑکانہ سے درجنوں گاڑیوں میں سوار پیپلز پارٹی کے کارکن اپنے چیئرمین کا خطاب سننے کے لئے روانہ ہوئے۔

جیکب آباد سے بھی پیپلز پارٹی کے کارکن اپنے قائد کے جلسے میں شریک ہونے کے لئے چل پڑے ہیں۔ نوابشاہ میں کارکن اور رہنما زرداری ہائوس جمع ہوئے جہاں جلسے کی کامیابی کی دعا کی گئی۔ جس کے بعد جیالوں کا موٹرسائیکلوں پر مشتمل ایک بڑا قافلہ جئے بھٹو کے نعرے لگاتا کراچی روانہ ہوا۔

گھوٹکی سے بھِی پیپلز پارٹی کے کارکن اور مقامی رہنما جلسے میں شرکت کے لئے کراچی روانہ ہوئے۔ خیرپور سے روانہ ہونے والے قافلے کی قیادت پیپلز پارٹی کے رہنما منظور وسان اور نفیسہ شاہ نے کی۔ کارکنان میں جلسے کی شرکت کیلیے زبردست جوش وخروش تھا۔

ٹھٹھہ اور سجاول اضلاع سے سیکڑّوں کارکن، بسوں، کاروں اور دیگر گاڑیوں کے ذریعے کراچی کے لئے روانہ ہوئے جن کی قیادت گھگھر پھاٹک تک صوبائی وزیر صادق علی میمن اور اس کے بعد اویس مظفر ٹپی نے کی۔کراچی میں پیپلزپارٹی کے جلسے میں شرکت کیلیےلاہور سے کارکنوں اور رہنماؤں کو لیکر خصوصی ٹرین کراچی روانہ ہوئی۔

لاہور اور دیگر ملحقہ اضلاع سے پیپلز پارٹی کے جیالے اپنے رہنماؤں کی قیادت میں جلوسوں اور ٹولیوں کی شکل میں ریلوے اسٹیشن پہنچے۔فیصل آباد سے پیپلز پارٹی کے کارکن مسافر بسوں میں کراچی کے لئے روانہ ہوئے۔

بلوچستان کے مختلف علاقوں سے پیپلز پارٹی کے سیکڑوں کارکن ڈیرہ الہ یار پہنچے جہاں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ جس کے بعد قافلہ پیپلزپارٹی بلوچستان کے صدر صادق عمرانی کی قیادت میں کراچی کے لئے روانہ ہوا۔