باجوڑ ایجنسی میں سڑک کنارے نصب بارودی مواد پھٹنے سے ایف سی کے 2 اہلکار شہید

Bajaur Agency

Bajaur Agency

باجوڑ ایجنسی (جیوڈیسک) سلار زئی میں سڑک کنارے نصب بارودی مواد پھٹنے سے ایف سی کے 2 اہلکار شہید جبکہ 2 زخمی ہوگئے۔ باجوڑ ایجنسی کی تحصیل سلارزئی میں واٹر ٹینکر ایف سی اہلکاروں کے لئے پانی لے کر جارہا تھا کہ ملا سید کے قریب ٹینکر سڑک کے کنارے نصب بارودی مواد سے ٹکرا گیا۔

دھماکے کے نتیجے میں ٹینکر مکمل طور پر تباہ جبکہ اس میں سوار 2 ایف سی اہلکار شہید اور 2 زخمی ہوگئے۔ لاشوں اور زخمی اہلکاروں کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

جہاں سے شہدا کے جسد خاکی پورے فوجی اعزاز کے ساتھ ان کے آبائی علاقوں میں بھجوانے کی تیاریاں کی جارہی ہیں جبکہ زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔ واقعے کے بعد علاقے میں سیکیورٹی کو انتہائی سخت کرکےسرچ آپریشن کیاجارہا ہے تاہم اب تک فورسز نے کسی قسم کی گرفتاری کی تصدیق یا تردید نہیں کی۔