چوتھا ون ڈے : کوہلی کی سنچری، میچ اور سیریز بھارت جیت گیا

Kohli

Kohli

دھرم شالہ (جیوڈیسک) دھرم شالہ میں ہونے والے میچ میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا انوکھا فیصلہ کیا، اور بھارت نے مقررہ چھ وکٹوں پر330 رنز کا پہاڑ کھڑا کر دیا۔ کوہلی نے شاندار 127 رنز بنائے، جب کہ اوپنر ریہانے 68، شیکھر دھون 35 اور سریش رائنا 71 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ جواب میں ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم 49 ویں اوور میں 271 رنز بنا سکی۔

سیموئیل کی سنچری بیکار گئی ، جو 112 رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔ ان کے علاوہ براوو 40 اور رسل 46 رنز کے علاوہ کوئی بیٹسمین جم کر نہ کھیل سکا۔ ایک مکمل بیٹنگ وکٹ پر ویسٹ انڈیز کی ٹیم آف کلر نظر آئی۔

یاد رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان پانچ ون ڈے کھیلے جانے تھے، مگر ابتدائی دو میچوں کے بعد تیسرا میچ بارش کی نذر ہو گیا، اور پانچواں ہو نہیں پائے گا کیونکہ مہمان ٹیم نے اپنے بورڈ کے ساتھ مالی تنازعہ کے باعث دورہ ہی ختم کر دیا ہے۔

اس طرح چوتھا میچ آخری اور فیصلہ کن میچ ثابت ہوا، جس میں بھارت نے کامیابی حاصل کر کے سیریز دو ایک سے جیت لی ہے۔ پہلا میچ مہمان ٹیم نے اور دوسرا بھارت نے جیتا تھا۔ بھارت کی جانب سے شامی، کمار، یادیو، پٹیل اور جاڈیجہ نے دو دو کھلاڑیوں کو آوٹ کیا اور کوہلی کو مین آف دی میچ کا اعزاز دیا گیا۔