کراچی (جیوڈیسک) پیپلز پارٹی کے چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ آج جمہوریت کے لئے قربانیاں دینے والوں کو خراج تحسین پیش کرنے کا دن ہے۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ دہشتگرد مذہب کے نام پر جمہوری طاقتوں پر مسلسل حملے کر رہے ہیں لیکن بے نظیر بھٹو کا مشن جاری رہے گا، اس مقصد کے لئے قربانیاں دینے والوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور آج کے جلسے کا اہتمام پاکستان پیپلز پارٹی نے کیا ہے جو نئی تاریخ رقم کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت اور پاکستان کے دشمن محترمہ کے آنے کا انتظار کر رہے تھے جبکہ وہ تمام خطرات کے باوجود 7 سال قبل آج کے ہی روز طن واپس آئیں اور ان کے قافلے پر حملہ کر دیا گیا جس میں 200 کارکن اور جمہوریت پسند شہید ہوئے۔
آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ ملک کو ایک طرف دہشتگردوں سے خطرہ اور دوسرا آمریت سے تاہم پیپلز پارٹی نے 1973 کے آئین کو بحال کیا اور ملک میں جمہوریت کو فروغ دیا جبکہ ایک سال کے اندر آمر کو گھر بھی بھیجا۔