وزیرآباد (تحصیل رپورٹر) عوام کی ٹھکرائی ہوئی جماعتیں آخری سانسیں لے رہی ہیں ریاستی مشینری کو استعمال کر کے ملک بھر سے لوگوں کوجلسوں میں اکٹھا کر کے جعلی عوامی طاقت شو کی جا رہی ہے۔ جلسوں میںزیادہ تر زبردستی لائے گئے مختلف محکموں کے سرکاری ملازمین، پٹواری وغیر ہ شامل ہیں۔عوام فیصلہ کرچکی ہے کہ ان خاندانی پارٹیوں سے مستقل نجات حاصل کر لی جائے۔ان خیالات کا اظہار پاکستان تحریک انصاف وزیرآباد کے رہنما احمد فراز خان لودھی ایڈووکیٹ نے اپنے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ تین چار دہائیوں سے چند خاندانوں نے جمہوریت کے نام پر ملک میں آمریت کو مسلط کئے رکھا۔
جنہوں نے ذاتی لالچ کی خاطر ملک کو دو ٹکرے کردیا قوم اور ملک کو کنگال جبکہ اپنی آنے والی کئی پشتوں کیلئے جائیدادوںاور دولت کے انبار لگا لئے یہی لوگ تمام لوٹ مار کے بعدآج بھی مومن بننے کی کوششیں کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قوم باشعور ہوچکی ہے اوربار بار مسلط رہنے والے حکمرانوں سے لوٹی ہوئی دولت کا حساب مانگتی ہے۔ اگر ملک اور بیرون ملک ان حکمرانوں کے بنائے گئے اثاثے فروخت کر کے ملکی خزانہ میںرقوم جمع کروائی جائیں تو بیرونی قرضوں کا خاتمہ ہوسکتا ہے اور ملک کو ترقی وخوشحالی کی راہوں میں ڈالا جاسکتا ہے۔
احمد فراز خان لودھی نے کہا کہ ملک میں جمہوریت کو پنپنے نہیں دیا گیا جمہوریت کے نام پرموجیں کی جارہی ہیں خود کو اور خاندان کے دیگر افراد کو قوانین سے ماورا کرلیا گیا ہے ۔انتخابات میں دھاندلی کے ذریعہ اقتدار میں آنے والوںنے ملک میں لاقانونیت کو فروغ دیا ہے طاقت کی مدد سے جمہور کی آواز کو دبانے کی کوشش میں کئی انسانوں جانوں کا قتل عام کیا گیا ہے وقت آگیا ہے کہ ظالموں کا احتساب کیا جائے اور ان سے لوٹی ہوئی دولت کی ایک ایک پائی واپس دلوائی جائے۔