کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم عوام کی توقعات کے مطابق مربوط بنیادوں پر فعال کیا گیا ہے،شمائل احمد خواجہ

Gujranwala

Gujranwala

گوجرانوالہ : کمشنر گوجرانوالہ ڈویژن شمائل احمد خواجہ نے کہا ہے کہ حکومتی ادارے مضبوط اور مستحکم ہیں، کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم عوام کی توقعات کے مطابق مربوط بنیادوں پر فعال کیا گیا ہے، عاشورہ محرم کے دوران عوامی نمائندوں سے مشاورت کے لئے ضلعی انتظامیہ اورپولیس سربراہوں کو خصوصی ہدایات دی جاچکی ہیںـ قانون کی حکمرانی اور عوام کے جان ومال کے تحفظ کے لئے فول پروف سیکیورٹی پلان تشکیل دے کر خصوصی ٹاسک سونپ دئیے گئے ہیںـ وہ آج اپنے دفتر میں ایک اجلاس کی صدارت کررہے تھے جس میں آرپی او سیددلاور عباس، ڈی سی او گوجرانوالہ عظمت محمود، سی پی او وقاص نذیر، دیگر اضلاع کے ڈی سی اوز، ڈی پی اوز، گوجرانوالہ اور ریجن کے دیگرتمام اضلاع سے اراکین پارلیمنٹ شریک تھے۔

کمشنر نے کہا کہ ڈویژن بھر کے اراکین قومی وصوبائی اسمبلی ہر معاملے میں ڈویژنل اورضلعی انتظامیہ کی بھرپور معاونت کرتے ہیں جو امن عامہ اور قومی یگانگت کے لئے انتہائی خوش آئند ہےـ انہوں نے کہا کہ اراکین پارلیمنٹ سے مشاورت اور ان کی تجاویز کو ہر ضلع میں سیکیورٹی پلان اور حکمت عملی میں شامل کیا جارہا ہے ـ کمشنر نے کہا کہ سول اور پولیس افسران دلجمعی اور نیک نیتی سے عوام کی خدمت کے لئے اپنے اداروں اور ماتحت سٹاف کی خامیاں دور کرنے پر توجہ دیتے ہوئے بہتری کی جانب پیش رفت کررہے ہیںـانہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران اور پہلے یا بعد میں قانون نافذ کرنے والے ادارے انتہائی چوکس رہیں گے تاکہ کسی بھی جگہ بدامنی، خلفشار اور شرپسندی کے عوامل پر کڑی نظر رکھتے ہوئے فوری تدارک کیلئے کاروائی عمل میںلائی جاسکےـ انہوں نے کہا کہ امن عامہ برقرار رکھنے کے لئے سیکیورٹی فول پروف بناتے ہوئے ہر ایشو پر نظر رکھی جارہی ہےـ تمام اضلاع کے ڈی سی اوز، ڈی پی اوز سیکیورٹی پلان کے سلسلہ میں کمشنر اور آر پی او سے براہ راست ہدایات لیتے ہیںـ کمشنر نے کہا کہ سول انتظامیہ، پولیس قانون نافذ کرنے والے اداروں اور عوامی فلاح و بہبود کے محکموں کو ہائی الرٹ کردیاگیاہے۔

آر پی او سید دلاور عباس نے کہا کہ ہر ضلع میں کرائم فائٹنگ میں بہتری اور سٹریٹ کرائم میں کمی کیلئے افسران دیانتدارانہ مصروف عمل ہیں، کوئی بھی شخص اپنے کسی بھی مسئلہ میں ضلعی پولیس سربراہ اور مجھ سے براہ راست ملاقات کرسکتا ہےـانہوں نے اس امر پر زور دیا کہ معاشرے میں پھیلی ہوئی خرابیاں دور کرنے ، معاملات سدھارنے کیلئے مشترکہ کاوشیں ہمیشہ بہتر نتائج پیدا کرتی ہیںـ اراکین پارلیمنٹ نے اجلاس کے دوران اظہارخیال کرتے ہوئے ہر طرح کے تعاون کی یقین دہانی کرائی اور اپنے عزم کا اظہار کیا کہ اپنے حلقوں میںناخوشگوار واقعات روکنے میں موثر کردار ادا کر سکیں گے۔