دہشتگردی اور حملے ہم ہی پر کیوں ہوتے ہیں، بلاول بھٹو زرداری

Bilawal Bhutto Zardari

Bilawal Bhutto Zardari

کراچی (جیوڈیسک) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ میں جلسے کے شرکا کے جذبے اورجوش کو سلام پیش کرتا ہوں، پاکستان کی تاریخ میں آج تک ایسا مجمع دیکھا نہیں گیا، بچے کے جسم پربم باندھ کر ہماری بی بی کو ہم سے چھین لیا گیا، دہشتگردی اور حملے ہم پر کیوں ہوتے ہیں ہمیں کیوں مارا جاتا ہے، مسلم امہ کی پہلی خاتون وزیراعظم کو سرعام شہید کر دیا جاتا ہے، تختہ دار ہے تو صرف ہمارے لیے۔

جناح باغ میں پیپلز پارٹی کے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آج میں قائداعظم کے مزار کے سامنے کھڑا ہوں ، زندگی نے قائد اعظم کو اتنا وقت نہیں دیا کہ وہ ہمیں جمہوریت کا تحفہ دیتے، ذوالفقار علی بھٹو نے 73 کا آئین دے کر بابائے قوم کا نامکمل کام پورا کیا، بھٹو کا لہو میں ڈوبا ہوا پرچم انکی عظیم بیٹی نےاپنے ہاتھ میں لیا، آج ہم سب ایک ہی منزل کے مسافر ہیں، عوام کا حق عوام کو دیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہمیشہ دو قوتیں رہیں، ایک بھٹو ازم دوسری آمریت، آمریت کے پجاریوں کو میں اسٹیٹس کو کا نام دیتا ہوں، اسلام ہمارا دین ہے، مساوات ہماری معیشت ہے، طاقت کا سرچشمہ عوام اور شہادت ہماری منزل ہے، اکتوبر2007 وہ دن تھاجب آمریت کےماروں کو امید کی روشنی نظر آئی، مشرف کی پیداوار نے پہلے سے کہا تھا جلسہ 12 بجے ختم ہو جائے گا، آمریت کے درندوں نے جمہوریت کے چاہنے والوں کو خون میں سرخ کر دیا۔