قرآن و سنت اورآئین کے ذریعے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہدا کا قصاص لےکررہیں گے، طاہرالقادری

Tahir ul Qadri

Tahir ul Qadri

اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کہتے ہیں کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہدا کی دیت نہیں بلکہ قرآن و سنت، آئین، قانون اور عدالتوں کے ذریعے قصاص لیا جائے گا۔

لاہور کے جلسہ عام میں شرکت کے لئے روانگی سے قبل اسلام آباد میں دھرنے کے شرکا سے خطاب کے دوران ڈاکٹر طاہر القادری کا کہنا تھا کہ اب اس ملک میں زیادہ دیر تک لوٹ مار نہیں چلے گی۔

ہماری کسی سے کوئی ڈیل نہیں ہورہی، عمر بھر ڈیل کرنے والے اور اس کے ذریعے حکومت چلانے والے سن لیں کہ وہ اور ان کی جماعت کے کارکن مر تو سکتے ہیں لیکن ڈیل نہیں کرسکتے، سانحہ ماڈل ٹاؤن کے شہدا کی دیت نہیں ہوگی۔

ان کا خون پیسے لے کر معاف نہیں کیا جائے گا، ہم اپنا ضمیر نہیں بیچیں گے، قتل کا بدلہ خون اور قصاص ہوگا، ہم خون کا بدلہ بدامنی سے نہیں بلکہ قرآن و سنت، آئین، قانون اور عدالتوں کے ذریعے چاہتے ہیں۔

پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ہم نے بے ضمیری، کرپشن اور بددیانتی کے خلاف علم بغاوت بلند کی ہے، ڈیل کرنے والے بے ضمیر ہوتے ہیں۔ ہماری جماعت کے کارکن غیور ہیں اور ان کے ضمیر زندہ ہیں، ہم شہیدوں کے خون سے ہمیشہ وفا دار رہیں گے اور قاتل اللہ کی مشیت سے پھانسی چڑھیں گے۔ ہم پوری قوم کو اٹھائیں اور شہدا کا خون انقلاب لائے گا۔