میرٹھ (جیوڈیسک) ہندوستان میں تمام حلقے اس وقت شدید حیران رہ گئے جب ایک شخص نے 1400 کلو وزن کے حامل اپنے بیل کو 7 کروڑ کی بھاری رقم میں بیچنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ ہر چیز بکاؤ نہیں ہے۔ میرٹھ کے آل انڈیا کیٹل شو میں دس رکنی جیوری نے 1400 کلو وزنی یوراج نامی بیل کو چیمپیئن قرار دیا۔
اس موقع پر بیل کے وزن اور خوبصوت سے متاثرہ افراد نے اس کی قیمت لگانی شروع کردی اور اس دوران ایک شخص نے 7 کروڑ تک کی بولی لگا دی لیکن مالک نے بیل فروخت کرنے سے انکار کر دیا۔ یوراج کے مالک کرم ویر سنگھ نے کہا کہ مجھے پیسوں کی ضرورت نہیں، میں نے اسے بچوں کی طرح پالا ہے۔
’ میں یوراج سے ہر سال 50 لاکھ روپے تک کما لیتا ہوں، زندگی میں ہر چیز پیسوں کے لیے نہیں ہوتی۔ اس لمبے تڑنگے بیل کی اونچائی 5 فٹ 9 انچ اور لمبائی 14 فٹ تک ہے اور مالک کا کہنا ہے کہ وہ اس کی روز دودھ اور پھلوں سے تواضع کرتا ہے۔
کرم ویر نے کہا کہ یوراج روز 20 لیٹر دودھ پیتا ہے، 5 کلو سیب اور 15 کلو اعلیٰ معیار کا چارہ بھی کھاتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس بیل کو روز چار کلو میٹر چلایا جاتا ہے، میں نے اس کی دیکھ بھال پر 25 ہزار روہے خرچ کیے ہیں، چندی گڑھ کے کسان نے مجھے بیل بیچنے کے لیے 7 کروڑ روپے کی پیشکش کی لیکن میرا خیال ہے کہ میں یوراج کو بیچنے کے لیے تیار نہیں ہوں۔
یہ بیل دنیا کی مشہور ’مرا‘ نسل کا ہے اور اس کی ہندوستانی مارکیٹ میں شدید ڈیمانڈ ہے، افزائش نسل کے لیے اس نسل کے بیلوں کو بہت زیادہ استعمال کیا جاتا ہے۔