اسلام آباد(خصوصی رپورٹ) انجمن طلباء اسلام کے وفد نے ناظم اے ٹی آئی سٹی اسلام آباد شہیر سیالوی کی قیادت میں مقبوضہ کشمیر ی رہنما یٰسین ملک کی اہلیہ مشال ملک سے ملاقات کی جس میں شہیر سیالوی نے کشمیر کی آزادی کے لئے انجمن طلباء اسلام کی کاوشوں پر بریفنگ دی،یٰسین ملک کی اہلیہ مشال ملک نے انجمن طلباء اسلام کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا اب وقت آگیا ہے کہ نوجوانوں کو کشمیر کی آزادی کے لئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے ۔ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت کی انتہا کر دی ہے اور کشمیری عوام کی امیدیں اب صرف پاکستان سے ہیں۔
اس موقع پر شہیر سیالوی نے کہا کہ انجمن طلباء اسلام کی تاریخ گواہ ہے کہ اس نے ہمیشہ کشمیر کے حق میں ہر فورم پر آواز بلند کی ہے ۔ انجمن طلباء اسلام ایک ایسی طلباء تنظیم ہے جو کسی بھی مذہبی یا سیاسی جماعت کی آلہ کار نہیں ہے اور ہم ہمیشہ کالجز اور یونیورسٹیز میں عشق رسول ۖ کے پیغام کے ساتھ ساتھ نبی پاک ۖ کے نام پر بننے والے ملک پاکستان کے نظرئیے کے دفاع کی بات کی ہے۔